مظفرنگر ۔ 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایک مقامی عدالت نے مظفرنگر میں فرقہ وارانہ فسادات کے دوران دو بھائیوں کو قتل کرنے کی پاداش میں گرفتار کئے گے تین افراد کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ ڈسٹرکٹ سیشن جج وجے لکشمی نے سہدیو، اجیت سنگھ اور امردیپ نامی ملزمین کی درخواست ضمانت مسترد کردی جنہوں نے شاہد اور نواب نامی دو مسلمان بھائیوں کو گذشتہ سال 9 ستمبر کو فسادات کے دوران ہلاک کردیا تھا۔ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کونسل دشنیت تیاگی نے یہ بات بتائی۔ مہلوکین اپنی دکان کیلئے دودھ لانے موضع ماتھیری گئے تھے جہاں حملہ آوروں نے انہیں ہلاک کردیا جس کے بعد مہلوک بھائیوں کے والد اختر حسین نے پولیس میں 6 افراد کے خلاف شکایت درج کروائی تھی۔ اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم (SIT) نے بھی تحقیقات کے بعد مندرجہ بالا تینوں ملزمین کو قصوروار پایا تھا۔