ماسکو، 11 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) روس نے کہا کہ فرانس میں وسیع پیمانے پر ہورہے مظاہروں میں اس کا کوئی کردار نہیں ہے اور اسے بدنام کرنے کے لئے اس طرح کے الزامات لگائے جارہے ہیں۔روس کے صدر کے دفتر کے ترجمان دیمتری پیشکوف نے پیر کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ فرانس کے مظاہروں میں روس کا ہاتھ ہونے کے سبھی الزامات اسے بدنام کرنے کے لئے لگائے جارہے ہیں۔ روس کا کہنا ہے کہ فرانس میں جو کچھ ہورہا ہے وہ اس کا داخلی معاملہ ہے ۔مسٹر پیشکوف نے کہا کہ ہم کسی ملک کے داخلی معاملوں میں مداخلت نہیں کرتے ، اس میں فرانس بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس، فرانس کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کو اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک ان تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے سخت محنت کررہے ہیں۔