خیریت آباد کے اندرا نگر میں ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد تقریب سے ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی کا خطاب
حیدرآباد، 4 جنوری ( سیاست نیوز ) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر محمود علی نے کہا کہ شہر میں پینے کے پانی کے مستقل حل کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کے نواحی علاقوں میں 7500 کروڑ کی تخمینی لاگت سے دو بڑے آبی ذخائر تیار کئے جارہے ہیں ۔ ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر محمود علی نے آج خیریت آباد حلقہ اسمبلی علاقہ کے اندرا نگر میں ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھا ۔ اس پروگرام میں مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ ریاستی وزراء نائنی نرسمہا ریڈی ، ٹی سرینواس یادو ، رکن اسمبلی چنتلہ رام چندریڈی و دیگر شریک تھے ۔ مسٹر محمود علی نے کہا کہ حیدرآباد کیلئے آبی وسائل کی فراہمی اور ضروریات زندگی کو پورا کرنے میں سابق حکومتوں نے غیر ذمہ دارانہ رول ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگاہن راشٹرا سمیتی حکومت ان لاپرواہیوں کو دور کرنے کے اقدامات کر رہا ہے اور اس کے تحت آئی ایل ایف ایس نامی معروف ادارے کے ذریعہ 7500 کروڑ کے ذریعہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کے نواحی علاقوں ابراہیم پٹنم اور شاہ میر پیٹ حدود میں دو بڑے آبی ذخائر تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کے سلم علاقوں میں مرحلہ وار سطح پر ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی اور اس منصوبہ پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے ۔ اس موقع پر مرکزی وزیر مسٹر بنڈارو دتاتریہ نے کہا کہ ریاست تلنگانہ ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے فنڈز مختص کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ایک مکان کیلئے مرکزئ حکومت اپنے حصہ کے تحت 2 لاکھ روپئے جاری کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام کو مکانات کی فراہمی کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اقدامات کر رہے ہیں کو مرکزی حکومت غریب عوام کو روزی اور روزگار کے موقع فراہم کر رہا ہے ۔ اس موقع پر ریاستی وزیر داخلہ مسٹر این نرسمہا ریڈی نے بتایا کہ شہر میں ٹریفک مسئلہ کی یکسوئی کیلئے حکومت کی جانب سے 54 جنکشن پر فلائی اوورس کی تعمیر عمل میں لائی جارہی ہے ۔ ریاستی وزیر ٹی سرینواس یادو نے کہاکہ شہرحیدرآباد کو عالمی معیار کا شہر بنانے کیلئے ریاستی حکومت کے عملی اقدامات کا آغاز ہوچکا ہے ۔ اس موقع پر مقامی رکن اسمبلی چنتلہ رامچندر ریڈی نے بتایا کہ اندرا نگر میں 9 منزلہ ڈبل بیڈروم مکانات تیار کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اس پراجکٹ کو اندرون 12 ماہ مکمل کرلیا جائے گا ۔ اس پروگرام میں زونل کمشنر مسٹر گورواپل ہاوزنگ ڈپارٹمنٹ کے ای ای وینکٹ واسو ریڈی اور دیگر شریک تھے ۔