مضافاتی علاقوں میں جرائم پر قابو پانے پولیس کو وزیر داخلہ کی ہدایت

پٹرول کی غیر قانونی فروخت اور رہزنی کے واقعات پر فی الفور کارروائی کی جائے
حیدرآباد۔/29 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے شہر کے مضافاتی علاقوں میں پٹرول کی غیر قانونی فروخت اور چوری پر نظر رکھنے کیلئے پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی غیر قانونی کارروائیوں پر فوری روک لگائی جانی چاہیئے۔ محمود علی نے جوائنٹ کمشنر راچہ کنڈہ سدھیر بابو کو اس بات کی ہدایات دی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کمشنر پولیس رخصت پر ہیں۔ میڈیا کے بعض گوشوں میں چنگی چرلہ پٹرول مافیا سے متعلق خبروں کی اشاعت پر وزیر داخلہ نے پولیس عہدیداروں سے ربط قائم کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کی۔ انہوں نے جوائنٹ کمشنر کو ہدایت دی کہ چنگی چرلہ علاقہ میں پولیس پٹرولنگ میں شدت پیدا کرتے ہوئے غیر قانونی سرگرمیوں پر نظر رکھی جائے۔ انہوں نے اندرون 24 گھنٹے خاطیوں کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے پولیس عہدیداروں سے کہا کہ عوام کی خدمت کیلئے مستعدی سے کام کریں تاکہ عوام چین و سکون کی زندگی بسر کرسکیں۔ محمود علی نے شہر میں رہزنی کے واقعات میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا اور اس سلسلہ میں ملوث ٹولی کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت دی۔