واشنگٹن۔ 31؍اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام)۔ وزیر خارجہ امریکہ جان کیری نے وزیر خارجہ مصر کو بتایا کہ امریکہ انسداد دہشت گردی کے سلسلہ میں قاہرہ کی کوششوں میں مدد دینے کے لئے 10 اپاچی ہیلی کاپٹروں کی فراہمی کے سلسلہ میں اپنے وعدے پر قائم رہنے کا اِرادہ رکھتا ہے۔ دفتر خارجہ امریکہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا کہ جان کیری نے جون میں اعلان کیا تھا کہ انھیں یقین ہے کہ مصر کو جلد ہی لڑاکا ہیلی کاپٹرس حاصل ہوجائیں گے اور مصر کے وزیر خارجہ شاکری کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت میں اس کا اعادہ کیا ہے۔ اس اہلکار نے بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ کیری نے شاکری کو مطلع کیا کہ امریکہ مصری فوج کو اپاچی ہیلی کاپٹروں کی فراہمی کے بارے میں پیشرفت کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے خیال میں یہ ایک اہم ہتھیار ہے جو مصری حکومت کی انسداد دہشت گردی کے سلسلے میں اس کی کوششوں میں مدد گار ثابت ہوں گے۔