مصر میں ’جارحانہ مہم‘ پر امریکی وزیرخارجہ کا اظہار تشویش

واشنگٹن ، 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے مصر میں اخوان المسلمون کے خلاف جاری ’کریک ڈاؤن‘ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ چہارشنبہ کو مصر کی عبوری حکومت نے مذہبی و سیاسی تنظیم اخوان المسلمون کو دہشت گرد گروپ قرار دے دیا۔ امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان جین ساکی کے مطابق وزیر خارجہ کیری نے اپنے مصری ہم منصب نبیل فہمی کو ٹیلی فون پر اپنی تشویش سے آگاہ کیا۔ ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ نے منگل کو منصورہ میں داخلی پولیس کے صدر دفتر پر کئے گئے خودکْش حملے اور جمعرات کو قاہرہ میں ایک بس پر کئے گئے حملے کی مذمت بھی کی ہے۔ کیری نے فہمی سے اپنی گفتگو میں 25 ڈسمبر کو اخوان المسلمون کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے فیصلے پر اپنی تشویش ظاہر کی۔ فوج کی حمایت سے قائم عبوری حکومت کا اصرار ہے کہ حالیہ پرتشدد واقعات میں معزول صدر محمد مرسی کی اخوان المسلمون کا پس پردہ ہاتھ ہے اور یہ تنظیم مصری مملکت کو غیر مستحکم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔