قاہرہ۔ 7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کم از کم 27 افراد ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہوگئے جبکہ مصر میں عیدالاضحی کے موقع پر سال کا مصروف ترین سفر کا دن تھا۔ ٹرین اور بس کے دو علیحدہ علیحدہ حادثوں میں یہ ہلاکتیں پیش آئیں۔ پانچ افراد جن میں سے بیشتر نابالغ تھے، ہلاک ہوگئے اور دیگر 27 زخمی ہوئے جبکہ مصر کا علاقہ جیزا میں ایک ٹرین پٹریوں سے اُتر گئی۔ یہ علاقہ اہرام کی وجہ سے سیاحوں میں بے حد مقبول ہے۔ ٹرین بالائی مصر کے شہر اسوان جارہی تھی۔ جبکہ اس کے پہلے تین ڈبے پٹری سے اُتر گئے جس سے پانچ افراد ہلاک اور 27 زخمی ہوگئے۔ ٹرین خدمات اس حادثہ کی وجہ سے متاثر ہوئیں۔ ایک اور واقعہ میں جنوب مغربی صوبہ وادیٔ الجدید میں کم از کم 22 افراد ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہوگئے جبکہ ایک بس ایک لاری سے ٹکرا گئی۔ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکا کہ بس میں کتنے مسافر تھے۔ یہ حادثے اس وقت پیش آئے جبکہ پورا مصر عیدالاضحی منانے کی تیاریوں میں مصروف تھا جس کا آغاز پیر کے دن سے ہوگا۔ مصری شہری مختلف شہروں سے اپنے اپنے آبائی مقامات سے ارکان خاندان اور دوستوں کے ساتھ عید منانے کیلئے اپنے آبائی مقامات پر جارہے تھے۔ تقریباً 20 ایمبولینس گاڑیاں حادثے کے مقام پر پہنچ گئیں۔ گورنر جیزا کمال الدالی نے کہا کہ ٹرین کے پٹری سے اترجانے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں۔ تحقیقات جاری ہیں۔