مصر میں محمد بدیع و دیگر کو عمر قید کی سزا

منیا 23 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مصر کی ایک عدالت نے منیا شہر کے ایک پولیس اسٹیشن پر اگسٹ 2013 میں کئے گئے حملہ کے مقدمہ میں جملہ 66 افراد کو عمر قید کی سزا سنائی ہے جن میں اخوان المسلمین کے سربراہ محمد بدیع بھی شامل ہیں۔ اس مقدمہ میں پہلے جملہ 183 افراد کو سزائے موت سنائی گئی تھی جس کے بعد مقدمہ کی دوبارہ سماعت کا حکم دیا گیا تھا ۔ اتوار کو تقریبا 700 افراد کے خلاف درج مقدمہ کا فیصلہ سنایا گیا ہے ۔ وکیل صفائی عبدالمنعیم عبدالمقصود نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ 700 کے منجملہ 66 افراد کو سزائے عمر قید سنائی گئی ہے جو مصر میں 25 سال ہوتی ہے ۔ اس کے علاوہ 288 افراد کو بری کردیا گیا ۔ اس کے علاوہ پہلی سماعت کے دوران چھ افراد انتقال کرگئے تھے جبکہ مابقی افراد کو تین سے پندرہ سال کے درمیان کی سزاوں کا اعلان کیا گیا ہے ۔ 75 سالہ محمد بدیع کو اپنے حامیوں کو منیا کیس میں تشدد پر اکسانے کا مجرم قرار دیا گیا ہے ۔ یہ حملہ اس وقت کیا گیا تھا جب مصر میں صدر محمد مرسی کی حکومت کو بیدخل کردیا گیا تھا ۔ محمد بدیع پر جملہ 35 مقدمات زیر دوران ہیں۔ انہیں کئی مقدمات میں سزائے موت بھی سنائی گئی تھی جنہیں بعد میں تبدیل کردیا گیا ۔