قاہرہ ۔ 9 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) مصر میں فٹبال شائقین اور پولیس میں خونریز تصادم کے نتیجہ میں آج کم سے کم 57افراد ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہوگئے۔ فٹبال جنون زدہ اس ملک میں اس کھیل سے متعلق مہلک واقعات میں یہ ایک انتہائی بدترین ہلاکت خیز واقعہ ہے۔ پولیس نے کہا کہ تصادم اس وقت شروع ہوا جب مصری فٹبال شائقین ایک میچ دیکھنے کیلئے زبردستی اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے۔ وزارت داخلہ نے کہا کہ مصری پریمیئر لیگ کلبس زمالک اور ای این پی پی آئی کے درمیان ایک میچ سے قبل قاہرہ کے ایرڈیفنس اسٹیڈیم کے باہر یہ واقعہ پیش آیا۔ جب الٹراس وہائٹ نائیٹس کلب کے مداحوں کو منتشر کرنے کیلئے پولیس آنسو گیس کا استعمال کیا۔ الٹراس وہائیٹ نائیٹس سے معروف زمالک فٹبال کلب کے حامیوں کی کثیر تعداد نے ٹکٹوں کے بغیر اسٹیڈیم میں زبردستی داخلہ کی کوشش کی۔ ہجوم منتشر کرنے کیلئے پولیس کی جانب سے آنسو گیس چھوڑے جانے کے بعد کئی افراد دم گھٹنے کے سبب فوت ہوگیا۔ الاہرام عربی نیوز ویب سائیٹ کی خبر کے مطابق اس تصادم میں کم سے کم 57 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ایلی بینک ہاسپٹل کے طبی ذرائع نے کہا کہ ’’آنسو گیس چھوڑے جانے کے بعد کئی افراد بھگدڑ اور دم گھٹنے کے سبب فوت ہوئے ہیں۔ دہلی بینک ہاسپٹل کو تاحال 14 نعشیں موصول ہوئی ہیں۔ مصری کابینہ نے اس تازہ ترین سانحہ کے بعد لیگ مقابلوں کو غیرمعینہ مدت کیلئے معطل کردیا ہے اور ایک بیان میں کہا کہ زمالک کے مداح اسٹیڈیم میں داخلے کیلئے مروجہ حفاظتی مقابلوں کی پابندی کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ مصری وزارت داخلہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’’10 ہزار سے زائد افراد جن کے پاس ٹکٹس نہیں تھے، اسٹیڈیم میں زبردست گھسنے کی کوشش کی تھی۔ بھگدڑ میں درجنوں ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہوئے ہیں‘‘۔ سیکوریٹی فورسیس نے ان شائقین فٹبال کو اس وقت منتشر کرنے کی کوشش کی جب انہوں نے سڑکوں کی ناکہ بندی کرتے ہوئے پولیس کی گاڑیوں کو بھی نذرآتش کردیا تھا۔ سیکوریٹی ذرائع نے کہا ہیکہ تشدد کیلئے اکسانے والے زمالک کے 17 مداحوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ مصری استغاثہ نے کہا ہیکہ نعشیں، قاہرہ کے مردہ خانہ کو منتقل کردی گئی ہیں۔ سرکاری خبر رساں ادارہ مینا نے کہا کہ کم سے کم 25 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اس مہلک تصادم کے باوجود میچ جاری رہا لیکن اس ٹیم کے ایک اہم کھلاڑی عمر جابر کلب کے مداحوں کی تائید کرتے ہوئے کھیل میں شامل نہیں ہوئے۔ واضح رہے کہ فبروری 2012ء کے دوران پورٹ سعید کے ایک اسٹیڈیم میں فٹبال میچ کے درمیان گڑبڑ اور ہنگامہ آرائی کے نتیجہ میں 70 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ بعدازاں حکومت نے فٹبال میچوں میں شائقین کی تعداد کو محدود کردیا تھا۔ قاہرہ میں آج کے خوفناک تصادم کے بعد رواں موسم کے دوران لیگ میچوں کی بحالی کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا ہوگئے ہیں۔