مصر میں فوجی کارروائی 30دہشت گرد اور 3سپاہی ہلاک

قاہرہ ۔ 25اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) مصر کی فوج نے شورش زدہ جزیرہ نما وسطی و شمالی سینائی میں اسلامک اسٹیٹ دہشت گرد گروپ کے خلاف بڑے پیمانہ پر کی گئی فوجی کارروائی کے دوران کم سے کم 30دہشت گردوں کو ہلاک کردیا اوراپنے تین سپاہیوں سے محروم ہوگئی ۔ جنوری 2011ء کے بہار عرب انقلاب کے بعد سے شمالی سینائی میں کئی خوفناک دہشت گرد حملے ہوچکے ہیں اور بالخصوص 2013ء میں زبردست عوامی احتجاج کے سبب اُس وقت کے اسلامی صدر محمد مُرسی کی معزولی کے بعد اس قسم کے حملوں میں مزید اضافہ ہوا تھا جن میں اکثر فوج اور پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا جاتا ہے جس کے نتیجہ میں پولیس اور فوج کے سینکڑوں اہلکار ہلاک ہوچکی ہیں ۔ فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ 173 مشتبہ انتہا پسند گرفتار کئے گئے ہیں ۔ وسطی سینائی میں اس دہشت گر گروپ کا سرکردہ کمانڈ ناصر ابوز غلول بھی مہلوکین میں شامل ہے ۔ فوج اور پولیس نے اپنی مشترکہ کارروائیوں میں انتہا پسندوں کے تین خفیہ ٹھکانوں10بڑی گاڑیوں کو تباہ کردیا ‘ 26موٹر گاڑیوں اور 25موٹر سیکل ضبط کرلئے گئے ۔