مصر میں بم دھماکہ کے بعد پولیس نے 40 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا

قاہرہ ۔29 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) مصری پولیس نے ہفتہ کی صبح کو دو علحدہ دھاوؤں کے دوران 40 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ صرف ایک روز قبل اہرام مصر کے قریب ہوئے بم دھماکہ میں ویتنام سے تعلق رکھنے والے تین سیاح اور اُن کا گائیڈ ہلاک ہوگئے تھے ۔ وزارت داخلہ کے ایک بیان کے مطابق غیزہ گورنریٹ میں دھاوے کے دوران 30 دہشت گردوں کو جبکہ شمالی سینائی میں کئے گئے دھاووں میں 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ۔ وزارت کے بیان کے مطابق ایک خفیہ اطلاع ملی تھی کہ دہشت گرد سیاحتی مقام کو نشانہ بنانے کی سازش رچ رہے ہیں جن میں عیسائی عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا دہشت گردوں کی اولین ترجیح تھی جس کے فوری بعد پولیس حرکت میں آگئی اور اُس نے دھاؤوں کا سلسلہ شروع کردیا ۔ پولیس کو بم بنانے کے ساز و سامان بھی دستیاب ہوئے جنھیں ضبط کرلیا گیا ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ جمعہ کے روز اہرام مصر کے قریب ہوئے سڑک بم دھماکہ میں ایک ٹورسٹ بس زد میں آگئی تھی جس میں تین ویتنامی سیاح اور اُن کا ٹور گائیڈ ہلاک ہوگئے تھے جبکہ پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ویتنام کے گیارہ سیاح اور ایک مصری بس ڈرائیور زخمی بھی ہوئے ہیں۔