مصری قراء کی آمد ، آج دفتر سیاست میں پروگرام

حیدرآباد ۔ 20 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : جامعہ ازہر ، قاہرہ ، مصر کے بین الاقوامی سطح پر مشہور اسلامی اسکالرس ، قراء شیخ عمر محمد عبدالرزاق محمد ، شیخ عبداللہ راغب ابراہیم ابوہلیکا اور شیخ احمد محمود قدااتمان ، صدر انجمن پیشوایان مذاہب پیر شبیر نقشبندی کی قرآنی تعلیمات تحریک کے سلسلہ میں قرآن مجید کے پیغام کو بندگان خدا تک پہنچانے کے لیے ریاست تلنگانہ کے دورہ کے سلسلہ میں 21 مئی کو صبح دہلی سے حیدرآباد ایرپورٹ پہنچیں گے ۔ مصری قراء کا قیام منجیرا گیسٹ ہاوز میں رہے گا ۔ 21 مئی کو میڈیا پلس آڈیٹوریم ، جامعہ نظامیہ کامپلکس گن فاونڈری میں سہ پہر 3 بجے پریس کانفرنس سے مخاطب کریں گے ۔ شام 5-30 بجے دفتر روزنامہ سیاست عابڈس پر ان مصری قراء کا قرات کلام مجید کا پروگرام ہوگا۔ جامعہ ازہر ، قاہرہ کے یہ مصری قراء 21 مئی تا 3 جون ریاست تلنگانہ کے دورہ پر ہوں گے ۔ جس کے دوران وہ مختلف پروگرامس میں شرکت اور تلاوت کریں گے جس میں شہر کے علاوہ محبوب نگر ، میں 28 مئی کو مصری قراء کا پروگرام ہوگا ۔ مصری قراء ، 3 جون کو یہاں سے روانہ ہوں گے ۔ یہاں قیام کے دوران مصر کے یہ قراء کرام ریاستی حکومت کے مہمان ہوں گے ۔۔