شرم الشیخ۔7جون ( سیاست ڈاٹ کام ) تین افریقی معاشی بلاکس کی ایک چوٹی کانفرنس آج مصر میں منعقد کی جارہی ہے ‘ تاکہ آزادانہ تجارت معاہدہ کی تفصیلات کا تعین کیا جاسکے جس سے ایک مشترکہ بازار قائم ہوسکتاہے ۔ جہاں اس براعظم کے تمام ممالک آزادانہ طور پر اپنی تجارتی کرسکیں ۔ سہ فریقی تجارتی علاقہ کا آغاز سربراہان مملکت و حکومت کی ایک چوٹی کانفرنس کے بعد ہوگا جو شرم الشیخ میں چہارشنبہ کے دن منعقد کی جائے گی جس کا مقصد ایک مشترکہ چوکٹھا تیار کرنا ہے جو ٹیرف کی ترجیحات پر مشتمل ہوگا ۔ علاوہ ازیں دیگر تیقنات بھی اس میں شامل کئے جائیں گے ۔ یہ معاہدہ مشرقی افریقی برادری ‘ جنوبی افریقی ترقیاتی برادری اور مشترکہ منڈی برائے مشرقی و جنوبی افریقہ کے درمیان ہوگا ۔ اس سے ایک ایسا مشترکہ بازار قائم ہوگا جہاں 62کروڑ 50لاکھ آبادی والے 26 ممالک اپنی مصنوعات جن کی مالیت ایک کھرب امریکی ڈالر ہوگی فروخت کیلئے آزادانہ طور پر پیش کرسکیں گے ۔ آج ان معاشی بلاکس کے سینئر عہدیداروں نے معاہدہ کی تفصیلات پر تبادلہ خیال کیا ۔ آج ابتدائی تیاری اجلاس منعقد کیا گیا جس میں تفصیل سے تبادلہ خیال ہوگا اور کل کے اجلاس میں وزراء اپنے مقالے پیش کریں گے ۔ فرانسیس منگانی ڈائرکٹر برائے تجارت نے چوٹی کانفرنس کے موقع پر علحدہ طور پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طویل مدت سے آزادانہ تجارت معاہدہ کا انتظار کیا جارہا تھا ۔ دنیا بھر میں تاجر برادری کے قائدین نے اس کا خیرمقدم کیا ہے اور ماہرین نے اس حقیقت کو اُجاگر کیاہے کہ افریقی ممالک کی جملہ تجارتی کا 12فیصد اس بازار میں انجام پائے گا ۔