’ شاہ ۔زادہ کی شاندار کامیابی کے بعد بی جے پی کی نئی پیشکش ‘ ۔ راہول گاندھی کا ٹوئیٹ
نئی دہلی 4 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے ایک نیوز رپورٹ کا حوالہ دیا جس میں یہ الزام عائد کیا گیا ہے کہ قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوول کے فرزند شوریہ کی جانب سے چلائے جانے والے انڈیا فاونڈیشن میں مبینہ بے قاعدگیاں ہوسکتی ہیں ۔ اس فاونڈیشن میں چار مرکزی وزرا بھی عہدے رکھتے ہیں۔ فاونڈیشن نے اس الزام کی تردید کی ہے ۔ اس مسئلہ پر راہول گاندھی نے ہندی میں ٹوئیٹ کرتے ہوئے بی جے پی کو نشانہ بنایا ہے ۔ انہوں نے ٹوئیٹر پر تحریر کیا کہ ’’ شاہ ۔ زادہ کی شاندار کامیابی کے بعد ‘ بی جے پی کی نئی پیشکش ۔ اجیت شوریہ کی کہانی ‘‘ ۔ دی وائر نیوز پورٹل کی ایک رپورٹ میں یہ الزام عائد کیا گیا ہے کہ اجیت ڈوول کے فرزند کی جانب سے انڈیا فاونڈیشن کا چلایا جانا ’ مفادات سے ٹکراؤ ‘ کے مترادف ہوسکتا ہے ۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ انڈیا فاونڈیشن کی جو معاشی معاملتیں ہیں ‘ اس میں چار مرکزی وزرا کے ڈائرکٹرس رہنے کی وجہ سے اور اس حقیقت کی وجہ سے بھی کہ اس فاونڈیشن کے ایگزیکیٹیو ڈائرکٹر شوریہ ڈوول جیمنی فینانشیل سروسیس والی فرم چلاتے ہیں جو ابھرتی ہوئی ایشیائی معیشتوں میں سرمایہ کے بہاؤ کو یقینی بناتی ہے ‘ ان شبہات کو تقویت ملتی ہے کہ یہاں بھی مفادات کا ٹکراؤ ہوتا ہے ۔ ایک بیان میں انڈیا فاونڈیشن نے کہا کہ اس رپورٹ میں کوئی صداقت نہیں ہے اور یہ بے بنیاد ہے اور اس فاونڈیشن کے ساتھ جو ڈائرکٹرس ہیں وہ بہت پہلے سے اس سے وابستہ ہیں جب وہ مرکزی وزیر یا رکن پارلیمنٹ بھی نہیں بنے تھے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ رپورٹ قیاس پر مبنی ہے اور اس کا واضح مقصد اس غلط کاری کو اجاگر کرنا ہے جو کی ہی نہیں گئی ہے ۔ تنظیم نے بیرونی ممالک سے یا کسی بیرونی ادارہ سے فنڈز حاصل کرنے کی بھی تردید کی ہے ۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے سینئر لیڈر کپل سبل نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم مودی ان چاروں وزرا کو جو فاونڈیشن سے وابستہ ہیں کابینہ سے علیحدہ کردیں اور اس معاملہ کی سی بی آئی تحقیقات کا حکم دیا جائے ۔