مشیر آباد حلقہ اسمبلی کانگریس امیدوار انیل کمار یادو کو پلاسٹک اسکراپ ٹریڈرس کی تائید

بی جے پی اور ٹی آر ایس کے خفیہ اتحاد کو شکست دینے کا عزم ، ٹریڈرس کا اجلاس میں فیصلہ
حیدرآباد ۔ 6 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : مشیر آباد پلاسٹک اسکراپ ٹریڈرس ویلفیر اسوسی ایشن نے کانگریس کے امیدوار انیل کمار یادو کی تائید کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ انیل کمار یادو نے بی جے پی اور ٹی آر ایس کے خفیہ اتحاد کو شکست دینے کے لیے انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ مشیر آباد پلاسٹک اسکراپ ٹریڈرس ویلفیر اسوسی ایشن کے صدر محمد عثمان نائب صدور عبدالحفیظ ، محمد ظفیر اراکین شوریٰ محمد اسمعیل ، عبدالغفار ، محمد واجد حسین ، محمد عارف ، خلیل احمد ، نجم الدین ، محمد مقصود اور دوسروں نے اپنا آپس میں ایک اجلاس طلب کرتے ہوئے تازہ سیاسی صورتحال ، مسائل اور دیگر امور کا جائزہ لینے کے بعد سیکولرازم کا تحفظ کرنے کے لیے اسمبلی حلقہ مشیر آباد سے کانگریس کے امیدوار انیل کمار یادو کو کامیاب بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے عوام کو کانگریس کے حق میں اپنے قیمتی ووٹ کا استعمال کرنے کی اپیل کی ۔ کانگریس کے امیدوار انیل کمار یادو نے مشیر آباد پلاسٹک اسکراپ ٹریڈرس ویلفیر اسوسی ایشن کی جانب سے ان کی تائید و حمایت کرنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیکولر نظریات رکھنے والی جماعت کانگریس سے تعلق رکھتے ہیں جس کے صدر راہول گاندھی فرقہ پرستوں کے آگے چٹان بن کر کھڑے ہیں ۔ ٹی آر ایس سیکولرازم کا مکھوٹا پہن کر بی جے پی کی مدد کررہی ہے ۔ دونوں جماعتوں کے درمیان خفیہ اتحاد ہوگیا ہے ۔ ٹی آر ایس انتخابی میدان میں برائے نام ہے جب کہ ٹی آر ایس کے کیڈر کو خاص ہدایت دے دی گئی ہے ۔ لہذا ٹی آر ایس کو ووٹ دینا بی جے پی کو ووٹ دینے کے برابر ہوگا ۔ انیل کمار یادو نے رائے دہندوں بالخصوص اقلیتوں سے اپیل کی کہ وہ ٹی آر ایس کو ووٹ دیتے ہوئے فرقہ پرستوں کو تقویت نہ پہونچائے۔ بلکہ کانگریس کو کامیاب بناتے ہوئے سیکولرازم کو مستحکم کرنے میں اہم ذمہ داری نبھائے ۔ ایک ایک ووٹ کی اہمیت ہے ۔ ووٹ دینے میں غفلت نہ کریں اور نہ ہی کانگریس کے بجائے دوسروں کو دیتے ہوئے اس کو ضائع کریں ۔ تلنگانہ میں بی جے پی کا خاتمہ اسمبلی حلقہ مشیر آباد سے کرتے ہوئے قومی سطح پر تیسرے محاذ کی تیاری میں تعاون کریں ۔ کانگریس کا انتخابی منشور ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے ۔ جس میں سماج کے تمام طبقات کے ساتھ انصاف کیا گیا ہے ۔ اقلیتوں کے لیے سب پلان تیار کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ اگر سب پلان تیار ہوجاتا ہے تو اقلیتوں کو مجموعی بجٹ میں 24 ہزار کروڑ روپئے کی گنجائش فراہم ہوگی ۔ اتنے بڑے بھاری بجٹ کے ذریعہ اقلیتوں کی ترقی ، بہبود اور خود روزگار فراہم کرنے کے عملی اقدامات کرنے کی راہ ہموار ہوگی ۔۔