مشیر آباد حلقہ اسمبلی سے کانگریس امیدوار انیل یادو کو کامیاب بنانے کی اپیل

چیف منسٹر اے پی و صدر تلگو دیشم پارٹی چندرا بابو کا ریالی سے خطاب
حیدرآباد ۔ 3 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : سربراہ تلگو دیشم و چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے عوام کو اسمبلی حلقہ مشیر آباد سے کانگریس کے امیدوار انیل کمار یادو کو ایک ووٹ دے کر دونوں فرقہ پرست جماعتوں بی جے پی اور ٹی آر ایس کو شکست دیتے ہوئے ریاست میں ایک نئی تاریخ رقم کرنے کی عوام سے اپیل کی ۔ آج اسمبلی حلقہ مشیر آباد میں بڑی مسجد بھولکپور میں ریالی سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر کانگریس کے امیدوار انیل کمار یادو صدر سٹی کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو ، تلگو دیشم پارٹی حیدرآباد کے صدر ایم این سرینواس کے علاوہ سی پی آئی اور ٹی جے ایس کے قائدین بھی موجود تھے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی میں کارگزار چیف منسٹر کے سی آر بہت بڑی رکاوٹ ہے اتحاد کے نام پر دونوں تلگو ریاستوں کے عوام میں پھوٹ ڈالنے کی کے سی آر کوشش کررہے ہیں جس کی انہیں قیمت چکانی پڑے گی ۔ تلنگانہ کے عوام چار جماعتوں کے اتحاد کو قبول کرچکے ہیں اور پیپلز فرنٹ کی حلیف جماعتوں میں خوشگوار تعلقات ہیں اور ہر جماعت ایک دوسرے کی تائید و حمایت کررہی ہے ۔ جس سے ٹی آر ایس اور بی جے پی خوفزدہ ہے اور دونوں جماعتوں کے قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر ان پر بے بنیاد الزامات عائد کرتے ہوئے عوام میں اپنا اعتماد کھو رہی ہیں ۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ وہ شہر حیدرآباد کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے انفراسٹرکچر فراہم کرنے اور سائبر آباد بسانے میں اہم رول ادا کرچکے ہیں جس کو کوئی جھٹلا نہیں سکتے ۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش نے کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش کی جغرافیائی سطح پر تقسیم ہوئی ہے تاہم تلگو عوام متحد ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی پر وہ خوش رہنے والوں میں سے رہیں گے ۔ کانگریس کے امیدوار انیل کمار یادو نے ان کی انتخابی مہم میں حصہ لینے پر چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی یقینی ہے ۔ سماج کے تمام طبقات کے ساتھ پیپلز فرنٹ میں شامل تمام جماعتوں کی انہیں بھر پور تائید حاصل ہورہی ہے ۔ اسمبلی حلقہ مشیر آباد میں ٹی آر ایس نے ڈمی امیدوار کو انتخابی میدان میں اتارتے ہوئے بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمن کو کامیاب بنانے کی کوشش کی ہے مگر عوام اس ناجائز اتحاد کو کبھی قبول نہیں کریں گے ۔ سیکولرازم کے استحکام اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں گے ۔ صدر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو نے کہا کہ اسمبلی حلقہ مشیر آباد سے ان کے فرزند اور کانگریس کے امیدوار انیل کمار یادو کی بھاری اکثریت سے کامیابی یقینی ہے ۔ انجن کمار یادو نے ان کے فرزند کی تائید کرنے والے سماج کے تمام طبقات سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ حلقہ کو مثالی حلقہ میں تبدیل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ تلنگانہ میں کانگریس کے زیر قیادت پیپلز فرنٹ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔۔