ریاست بھر میں 8 جولائی سے عوامی تحریک کے ذریعہ شجرکاری مہم ، سکریٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے ریاستی حکومت کے ’ مشن کاکتیہ ‘ کے لیے 5000 کروڑ روپئے جاری کرنے مرکز پر زور دیا ۔ چندر شیکھر راؤ نے مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی سے کہا کہ نیتی آیوگ نے آئندہ 3 سال کے لیے مشن کاکتیہ کی مد میں 5000 کروڑ روپئے فراہم کرنے کی سفارش کی ہے ۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کے سی آر نے مرکز سے یہ بھی کہا ہے کہ اس مشن کے تحت ریاست میں پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور آبی اداروں کو مستحکم کرتے ہوئے پانی کی بچت پر توجہ دی جائے گی ۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی کو روانہ کردہ مکتوب میں چیف منسٹر نے کہا کہ آندھرا پردیش ری آرگنائزیشن ایکٹ میں ریاست کے پسماندہ اضلاع کے لیے خصوصی ترقیاتی پیاکیج فراہم کرنے کی بات کی گئیں ہے اس ایکٹ کے تحت حکومت نے مشن کاکتیہ اور مشن بھاگیرتا کے لیے مرکز سے 30,570 کروڑ روپئے فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اسی دوران سکریٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلاس میں چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما کے ساتھ ریاست میں مشن بھاگیرتا کے دوسرے مرحلہ کے پروگرام کو قطعیت دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ 8 جولائی سے ریاست بھر میں عوامی تحریک کے ذریعہ بڑے پیمانہ پر شجرکاری مہم چلائی جائے گی اور یہ مہم دو ہفتوں تک جاری رہے گی ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ہم ریاست بھر میں 46 کروڑ پودے لگا کر قومی ریکارڈ قائم کرنا چاہتے ہیں ۔ اس مہم کے ذریعہ ہم موجودہ 26 فیصد شجرکاری مہم میں 33 فیصد تک وسعت دی جائے گی ۔ آلودگی کا مقابلہ کرنے کے لیے ایسے پودے بھی لگائے جائیں گے جس سے فضائی توازن برقرار رہ سکے ۔ بارش کے پانی کے ذخیرہ کے لیے بھی کام آسکیں ۔ چیف منسٹر نے چیف سکریٹری اور دیگر عہدیداروں سے کہا کہ وہ وقت مقررہ کے اندر منصوبوں کو قطعیت دیدیں اور اپنی ضروریات کے مطابق بڑے پیمانے پر شجرکاری کی جائے گی ۔ 4 جولائی کو چیف سکریٹری کے ساتھ چیف منسٹر کا ایک اور اجلاس منعقد ہوگا اور اسکولی سطح پر طلباء سے لے کر چیف منسٹر تک تمام افراد شجرکاری مہم میں حصہ لیں گے ۔ عوام سے اپیل کی جائے گی کہ وہ بھی اپنے اطراف و اکناف میں شجرکاری کرے ۔ ضلع س طح پر بھی دستیاب فنڈس کو استعمال کرتے ہوئے پودے لگانے کا پروگرام مکمل کرلیا جائے گا ۔ عہدیداران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے طور پر منصوبے تیار کر کے اس پر عمل کریں اور ریاست بھر میں سرسبز و شادابی کے ماحول کو فروغ دیں اس کے لیے عوام میں بیداری بھی پیدا کریں ۔۔