مشن کاکتیہ کے تحت ہر ضلع میں منی ٹینک بینڈ بنانے کا فیصلہ

عوامی تفریح گاہ کے طور پر فروغ دینے اقدامات
حیدرآباد ۔ 19 مئی (سیاست نیوز) ریاستی حکومت مشن کاکتیہ کے تحت مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں 36 منی ٹینک بینڈ بنانے کا منصوبہ ہے۔ حکومت تلنگانہ ریاست بھر میں تالابوں اور کنٹوں کی حفاظت کے علاوہ ان کی ترقی کیلئے مشن کاکتیہ کا آغاز کیا ہے اور حکومت نے ریاست بھر میں موجود تمام تالابوں کو بہتر سے بہتر بناتے ہوئے آبی ذخائر کی حفاظت کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاست تلنگانہ نے فی الحال 119 حلقہ جات اسمبلی اور منصوبہ کے مطابق ہر اسمبلی حلقہ سے کم از کم ایک منی ٹینک بینڈ کی تعمیر کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف انجینئر محکمہ آبپاشی مسٹر ایم رمیش کے بموجب پہلے مرحلہ میں 150 منی ٹینک بینڈ تعمیر کئے جائیں گے جبکہ مکمل منصوبہ کے تحت 500 منی ٹینک بینڈ تعمیر کرنے کا نشانہ رکھا گیا ہے۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب محکمہ آبپاشی کے منصوبہ کے مطابق نوتعمیر شدہ ٹینک بینڈ کو نہ صرف عوامی تفریح گاہ کے طور پر فروغ دیا جائے گا بلکہ ان ٹینک بینڈ کے ساتھ اطراف کے علاقوں میں ترقیاتی کاموں پر بھی توجہ مرکوز کی جائے گی۔ محکمہ آبپاشی کے عہدیدار اس سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط کی تیاری میں مصروف ہے۔ علاوہ ازیں اس بات پر بھی غور کیا جارہا ہے کہ تالابوں کے اطراف خوبصورتی کے فروغ کے ذریعہ ٹینک بینڈ کی تعمیر کے منصوبہ کو قابل عمل بنانے کیلئے ابتدائی طور پر کن علاقوں یا اضلاع میں تعمیری سرگرمیاں شروع کی جائیں۔ شہر حیدرآباد کے پڑوسی ضلع رنگاریڈی میں موجود جملہ تالابوں 2851 میں 574 تالابوں کو خوبصورت بنانے کا منصوبہ تیار کیا جارہا ہے اور 20 فیصد نشانہ کے مطابق کاکتیہ مشن کے تحت ان تالابوں کی بہتری کو یقینی بنایا جائے گا۔ اسی طرح ضلع میدک 7941 تالاب موجود ہیں، جن میں 1869 تالابوں کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ ضلع نلگنڈہ میں 4762 تالابوں میں 20 فیصد کے اعتبار سے 952 تالابوں کا نشانہ رکھا گیا ہے۔ عادل آباد میں موجود 3951 تالابوں میں 790 تالابوں کو مشن کاکتیہ کے منصوبہ میں شامل رکھا گیا ہے۔ کریم نگر میں 5939 تالاب موجود ہیں جن میں 1188 تالاب نشانہ ہیں۔ کھمم میں 4517 تالابوں میں 903 تالاب مشن کاکتیہ کے نشانہ میں شامل ہیں۔ نظام آباد میں 3251 تالابوں میں 651 تالاب مشن میں شامل رکھے گئے ہیں۔ ورنگل میں 5839 تالاب ہیں جن میں 1173 تالابوں کو مشن کاکتیہ میں شامل رکھا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے جن تالابوں پر تعمیراتی کام شروع کئے جاچکے ہیں، ان پر خصوصی نظر رکھی جارہی ہے اور مشن کاکتیہ کے تحت دیگر تالابوں کے متعلق ترقیاتی معاہدوں پر غور کیا جارہا ہے۔ مختلف مراحل میں حکومت ریاست بھر میں موجود تالابوں کی خوبصورتی و حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کا عملاً آغاز کرچکی ہے۔