حیدرآباد ۔ یکم ڈسمبر (این ایس ایس) تلنگانہ کے وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے ریت کی نکاسی اور ریاستی سرحدوں کے اس بار اسمگلنگ کو روکنے کیلئے عہدیداروں کو سخت اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ ہریش راؤ نے ریونیو ، کانکنی ، کمرشیل ٹیکسیس ، جنگلات ، مارکیٹنگ اور سروے آف انڈیا کے عہدیداروں کے ایک اجلاس میں عہدیداروں کو ہدایت کی کہ ریت کی نکاسی اور اسمگلنگ پر کنٹرول کیلئے سرحدی گزرگاہوں پر چیک پوسٹ قائم کئے جائیں۔ انہوں نے گنڈی پیٹ (عثمان ساگر) کی کاکتیہ مشن کے تحت بحالی کیلئے 50 کروڑ روپئے مالیتی کاموںکی تجاویز پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد کے گنڈی پیٹ کے تحفظ کیلئے پہلے مرحلہ کے تحت 12.5 کروڑ روپئے کے کام منظور کئے جائیں گے ۔ بحالی کے کاموں کیلئے ٹنڈرس کی طلبی بھی زیر غور ہے۔ گنڈی پیٹ کی بحالی کیلئے عطیہ دہندگان کو راغب کرنے کے علاوہ امدادی شوز اور اسٹار کرکٹ مقابلوں کے اہتمام کی ضرورت ہے۔