مشن کاکتیہ کے تحت آبی ذخائر سے مٹی کی نکاسی کی ہدایت : ہریش راؤ

حیدرآباد ۔ 3 ؍ جنوری سیاست نیوز) وزیر آبپاشی مسٹر ٹی ہریش راؤ نے مشن کاکتیہ دوسرے مرحلہ کے تحت تالابوں سے مٹی کی نکاسی کے کاموں کی انجام دہی کیلئے منصوبہ جات مرتب کر کے فوری روانہ کرنے کی محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایات دی ہیں۔ اور کہاکہ پہلے مرحلہ کے تحت شروع کئے گئے مشن کاکتیہ (تالابوں سے مٹی کی نکاسی) کے کاموں کو 31 مارچ 2016 ء تک مکمل کرلینے کی عہدیداروں کو ہدایت دیں ۔ آج یہاں سکریٹریٹ میں مشن کاکتیہ پر مسٹر ٹی ہریش راو نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ اضلاعی محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں سے خطاب کر تے ہوئے مشن کاکتیہ کے اغراض و مقاصد کی عاجلانہ تکمیل پر زور دیا اور اضلاع  عادل آباد ‘ کریم نگر ‘ میدک‘ نظام آباد ‘ رنگاریڈی ‘ ورنگل ‘ محبوب نگر ‘ نلگنڈہ اور کھمم میں مشن کاکتیہ کے تحت جاری کاموں کی پیشرفت کا عہدیداران متعلقہ سے تفصیلی جائزہ لیا ۔ مزید بتایا کہ مسٹر ٹی ہریش راؤ نے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ مشن کاکتیہ کے ذریعہ تالابوں سے مٹی کی نکاسی سے متعلق انجام دیئے جانے والے کاموں میں مکمل شفافیت کو برقرار رکھیں ۔ اس موقعہ پر ریاست کے محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں کثیر تعداد میں موجود تھے ۔