مشن کاکتیہ پروگرام پر اپوزیشن کی تنقیدیں غیر ضروری

کشن ریڈی کو ریمارکس سے دستبرداری کا مشورہ ، ٹی ہریش راؤ وزیر آبپاشی کا بیان
حیدرآباد۔/17 اپریل، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر شروع کردہ مشن کاکتیہ پروگرام پر اپوزیشن کی تنقیدوں کو غیر ضروری قرار دیا۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ تاریخی جھیلوں اور تالابوں کے تحفظ کیلئے حکومت نے اس پروگرام کا آغاز کیا ہے تاکہ ریاست کو خشک سالی سے بچایا جاسکے۔ جھیلوں اور تالابوں کے تحفظ کے ذریعہ آبپاشی کیلئے پانی سیراب کرنے میں مدد ملے گی اور حکومت کو بڑے پراجکٹ پر انحصار کم ہوجائے گا۔ انہوں نے بی جے پی صدر کشن ریڈی کی جانب سے مشن کاکتیہ کو مشن گلابی قرار دینے پر تنقید کی۔ کشن ریڈی نے الزام عائد کیا تھا کہ اس پروگرام کے ذریعہ ٹی آر ایس قائدین اور کارکنوں کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ مشن کاکتیہ پروگرام کی ریاستی گورنر، مرکزی وزراء اور ہائی کورٹ نے بھی ستائش کی۔ انہوں نے کشن ریڈی سے مطالبہ کیا کہ وہ مشن کاکتیہ کے بارے میں کئے گئے ریمارکس سے دستبرداری اختیار کریں۔ انہوں نے الزام عائد کیاکہ بی جے پی قائدین حکومت کے اہم پروگراموں کے بارے میں عوام میں غیرضروری الجھن پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقے میں پانی کی سربراہی اور خاص طور پر فصلوں کو سیراب کرنے میں اس پروگرام سے مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس قدر منظم انداز میں جھیلوں اور تالابوں کے تحفظ کا مشن شروع کیا گیا ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ عوام اور رضاکارانہ تنظیمیں اس پروگرام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں اور انہوں نے کئی تالابوں کے تحفظ کی ذمہ داری لی ہے۔ مرکزی وزرا وینکیا نائیڈو، بنڈارو دتاتریہ نے بھی اس پروگرام کی ستائش کی۔ انہوں نے بی جے پی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ مرکزی وزراء سے اس پروگرام کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے بعد ہی کوئی تبصرہ کریں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ اس پروگرام کے بارے میں عوام میں شکوک و شبہات پیدا کرنا مناسب نہیں ہے۔