مشن کاکتیہ پروگرام میں اومابھارتی کو شرکت کی دعوت

چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کی دہلی میں مختلف مرکزی وزراء سے ملاقات ، متعدد مسائل پر نمائندگی
حیدرآباد۔ 8۔ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے نئی دہلی میں قیام کے دوسرے دن آج مختلف مرکزی وزراء سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست کو درپیش مسائل کے سلسلہ میں نمائندگی کی۔ انہوں نے مرکزی وزیر آبی وسائل اوما بھارتی سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ میں مشن کاکتیہ پر عمل آوری کیلئے مرکز سے تعاون کی درخواست کی ۔ انہوں نے مرکزی وزیر کو مشن کاکتیہ پروگرام کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت تلنگانہ کے تمام اضلاع میں تالابوں اور جھیلوں کا تحفظ کرتے ہوئے ان سے پینے کے پانی اور آبپاشی کی ضرورتوں کی تکمیل کو یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی ۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے درخواست کی کہ عوام کو پینے کے پانی کی سربراہی سے متعلق اسکیم کیلئے 100 کروڑ روپئے مختص کئے جائیں۔ انہوں نے تالابوں اور جھیلوں کے تحفظ کے سلسلہ میں تلنگانہ حکومت کے منصوبہ سے واقف کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ مشن کاکتیہ کی تکمیل کے ذریعہ تلنگانہ میں پانی کی سربراہی کے مسئلہ کی یکسوئی کرلی جائے گی۔ چیف منسٹر نے اس پروگرام کی تفصیلات سے مرکزی وزیر کو واقف کراتے ہوئے ان کی وزارت سے تعاون کی خواہش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے تلنگانہ کے اہم آبپاشی پراجکٹ پرانہیتا چیوڑلہ کو قومی پراجکٹ کا درجہ دیئے جانے کی اپیل کی۔ مرکزی وزیر نے تیقن دیا کہ وہ ان مسائل پر بہت جلد عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے فیصلہ کریں گے۔ چیف منسٹر نے دیوادولا پراجکٹس کی تکمیل کیلئے بھی مرکز سے تعاون کی خواہش کی جس پر اوما بھارتی نے ہمدردانہ غور کا تیقن دیا ۔ اوما بھارتی نے کہا کہ 9 قائم شدہ ریاست تلنگانہ کی ترقی اور آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل کے سلسلہ میں مرکز ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے جھیلوں اور تالابوں کے تحفظ کے سلسلہ میں تلنگانہ حکومت کے منصوبہ کی ستائش کی۔ قبل ازیں پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں چندر شیکھر راؤ نے ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ کے ہمراہ مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتیں کیں اور تلنگانہ کی ترقی کیلئے تعاون کی اپیل کی۔ انہوں نے ہم خیال جماعتوں کے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ مختلف پراجکٹس کی منظوری کے سلسلہ میں مرکزی حکومت پر دباؤ بنائے۔