خشک سالی کی صورتحال سے نمٹنے کا منصوبہ ، جائزہ اجلاس سے اسپیکر و وزیر آبپاشی کا خطاب
حیدرآباد۔/31جولائی، ( سیاست نیوز) اسپیکر اسمبلی مدھو سدن چاری نے آج وزیر آبپاشی ہریش راؤ اور محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے مشن کاکتیہ اور دیگر پروگراموں پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ اسپیکر نے ضلع ورنگل میں مشن کاکتیہ کے تحت عمل کئے جارہے پراجکٹس اور دیگر آبپاشی اسکیمات کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ محکمہ آبپاشی کے انجینئرنگ اِنچیف مرلیدھر راؤ، جئے پرکاش کے علاوہ ورنگل ضلع سے تعلق رکھنے والے آبپاشی عہدیداروں نے اس جائزہ اجلاس میں شرکت کی۔ انہوں نے ورنگل میں مشن کاکتیہ کی موجودہ پیشرفت کے بارے میں عہدیداروں سے معلومات حاصل کیں۔ اسپیکر نے کہا کہ مشن کاکتیہ اسکیم تلنگانہ عوام کیلئے کئی فوائد کی حامل ہے۔ عوام کو اس اسکیم سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنا چاہیئے۔ مشن کاکتیہ کے ذریعہ حکومت دیہی علاقوں میں خشک سالی کی صورتحال سے نمٹنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اسپیکر نے کہا کہ قدیم تالابوں اور جھیلوں کے تحفظ کے ذریعہ آبپاشی اور پینے کیلئے پانی کی سربراہی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اسپیکر اسمبلی کے حلقہ انتخاب بھوپال پلی میں 119تالابوں کے منجملہ 118 میں کام کا آغاز ہوچکا ہے۔ عہدیداروں نے تالابوں کے تحفظ اور ان کی توسیع کیلئے کئے جارہے اقدامات سے واقف کرایا۔ اسمبلی اسپیکر نے وزیر آبپاشی اور عہدیداروں کی ستائش کی جو مشن کاکتیہ اسکیم پر پوری توجہ کے ساتھ عمل آوری کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم پر کامیاب عمل آوری کے ذریعہ تلنگانہ سے خشک سالی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ مشن کاکتیہ سے دیگر ریاستیں کافی متاثر ہیں اور وہ اس اسکیم کو اختیار کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کررہی ہے۔ ہریش راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ بہت جلد بھوپال پلی کا دورہ کریں اور مشن کاکتیہ کے تحت جاری کاموں کا جائزہ لیں۔ اس اجلاس میں دیگر آبپاشی پراجکٹس کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ستمبر کے مہینہ میں ورنگل ضلع کی ایک لاکھ ایکر اراضی کو سیراب کرنے کا نشانہ مقررکیا گیا ہے۔