مشن بھگیرتا اسکیم سے پانی کے مسائل کا مستقل حل

محبوب نگر میں واٹر ٹینکس کی تعمیر کیلئے رقمی منظوری ، ایس رنجن ریڈی
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : حکومت تلنگانہ کی انتہائی اہمیت کی حامل روبہ عمل لائی جانے والی مشن بھگیرتا اسکیم کے ذریعہ ریاست میں پینے کے پانی کا درپیش مسئلہ مستقل طور پر حل ہوجائے گا ۔ نائب صدر نشین ریاستی منصوبہ بندی کمیشن مسٹر ایس نرنجن ریڈی نے اس بات کا انکشاف کیا اور بتایا کہ بالخصوص ضلع محبوب نگر کے مختلف مقامات ( منڈلوں ) میں واٹر ٹینکس کی تعمیر کے لیے 20.63 کروڑ روپئے کے مصارف عائد ہوں گے اور ان رقومات کے ذریعہ معیاری واٹر ٹینکس کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقررہ مدت میں ہی مشن بھگیرتا کے ذریعہ ہر گھر میں صاف و شفاف پانی کی فراہمی ہی حکومت تلنگانہ کا اہم مقصد ہے اور اسی مقصد کو پورا کرنے کے لیے حکومت اپنی خصوصی دلچسپی کے ساتھ اقدامات کرے گی ۔ مسٹر نرنجن ریڈی نے کہا کہ اوور ہیڈ ٹینکس آئندہ چار ماہ کے دوران مکمل کرلیے جائیں گے ۔ نائب صدر نشین ریاستی منصوبہ بندی کمیشن نے کہا کہ رامن پاڈو پائپ لائن کے لیے ورلڈ بینک کی رقومات میں سے 15 کروڑ روپئے جاری کرنے کے لیے حکومت نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایات دی ہیں ۔ انہوں نے چیف منسٹر کے اقدامات کی زبردست ستائش کرتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں سے حکومت پر تنقید کرنے سے گریز کرنے کی اپیل کی ۔۔