تلنگانہ کی اسکیم ملک میں بے مثال ، بھوپال ریڈی کے سوال پر کے ٹی آر کا جواب
حیدرآباد ۔ 6۔ نومبر (سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ مشن بھگیرتا کے تحت پینے کے پانی کی سربراہی کا کنکشن صرف ایک روپیہ میں فراہم کیا جائے گا ۔ قانون ساز کونسل میں وقفہ سوالات کے دوران وی بھوپال ریڈی کے سوال کے جواب میں کے ٹی آر نے بتایا کہ حکومت اس اسکیم کے تحت ہر گھر کو صاف پینے کا پانی پائپ لائین کے ذریعہ سربراہ کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ 4125 مواضعات کا احاطہ کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واٹر کنکشن کیلئے عوام پر کوئی بوجھ عائد نہیں کیا جائے گا۔ اوٹر رنگ روڈ کے حدود میں واقع 183 مواضعات کو پانی کی سربراہی کی ذمہ داری حیدرآباد واٹر ورکس اینڈ سیوریج بورڈ کی ہوگی۔ پراجکٹ کے کام کا جاریہ سال اگست میں آغاز ہوچکا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 80 ذخائر آب کا کام شروع ہوچکا ہے اور دیگر ذخائر آب کا کام ابتدائی مرحلہ میں ہے۔ اگست 2018 ء تک پراجکٹ کی تکمیل کرتے ہوئے مرحلہ وار انداز میں 183 مواضعات کو پانی سربراہ کیا جائے گا۔ وی بھوپال ریڈی نے مشن بھگیرتا اسکیم کو ملک بھر میں منفرد اسکیم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے غریب عوام کی مشکلات کو محسوس کرتے ہوئے یہ اسکیم شروع کی ہے ۔ ریاست میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کئی ایسی اسکیمات شروع کی گئیں جس کی مثال دیگر ریاستیں پیش نہیں کرسکتی۔