20,288 کیلومیٹر تک پائپ بچھا دئے گئے ‘ چیف منسٹر
حیدرآباد 25 مارچ ( آئی این این ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج کہا کہ مشن بھاگیرتا کے کام تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ کانگریس کے رکن سی ایچ ومشی چند ریڈی کی جانب سے اسمبلی میں اٹھائے گئے سوال کا تحریری جواب دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ ان ٹیک ڈھانچے ‘ ڈبلیو ٹی پی ایس تقریبا تکمیل کے قریب ہے ۔ تقریبا 20,288کیلومیٹرس تک پائپ لائین بچھادی گئی ہے ۔ اب تک مشن بھاگیرتا کے تحت 1329 آبادیوں کو پانی کی سپلائی بحال کردی گئی ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مشن بھاگیرتا کے تحت اب تک جملہ 10,311.50 کروڑ روپئے ادا کردئے گئے ہیں ۔ زیادہ رقم کنٹراکٹرس کو اور کچھ جزوری رقم محکمہ جنگلات کو ‘ انڈین ریلویز کو ‘ محکمہ مال کو ‘ گیس اتھاریٹی وغیرہ کو ادا کی گئی ہے ۔ ساری ریاست تلنگانہ میں مشن بھاگیرتا کے کاموں کیلئے جملہ رقم کا تخمینہ 43,791.13 کروڑ روپئے ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اتنے بڑی پراجیکٹ پر بھاری معاشی خرچ کے ساتھ عمل آوری ضروری ہوگئی تھی تاکہ ریاست کے عوام کو صاف اور محفوظ پینے کا پانی فراہم کیا جاسکے اور یہ کام ایک مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جا رہا ہے ۔ اس کیلئے وسیع تر وسائل درکار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے تلنگانہ کے عوام کو سماجی فائدہ بھی ہوگا اور مقررہ وقت میں پراجیکٹ کی تکمیل سے اخراجات میں بھی اضافہ نہیں ہوگا ۔