تاخیر پر ناراضگی کا اظہار ۔ متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ چیف منسٹر کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد 26 فبروری ( آئی این این ) منظورہ کاموں کی تکمیل میں تاخیر پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ مشن بھاگیرتا کے کاموں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کریں تاکہ تمام گھروں کو پینے کا پانی فراہم کیا جاسکے ۔ ڈاکٹر مری چنا ریڈی انسٹی ٹیوٹ برائے فروغ انسانی وسائل میں جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں نو اسمبلی حلقوں میں جاریہ سال پینے کا پانی فراہم کیا جائیگا ۔ انہوں نے پائپ میں غیر معیاری سمنٹ اور دیگر ساز و سامان کے استعمال کے خلاف خبردار کیا ۔ انہوں نے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں میں بہتر تال میل اور تعاون پر بھی زور دیا تاکہ ان کاموں کی تیزی سے تکمیل کو یقینی بنایا جاسکے ۔ انہوں نے محکمہ توانائی کے عہدیداروں سے کہا کہ وہ ہر مہینے میں کم از کم 10 دن مشن بھاگیرتا کے کاموں میں حصہ لیں۔ انہوں نے دیہی سربراہی آب محکمہ سے بھی کہا کہ وہ تلنگانہ جنکو اور ٹرانسکو کے ساتھ مل کر پمپ ہاوز ‘ پائپ اور الیکٹریکل و میکانیکل انجینئرنگ کے کاموں کو مکمل کرنے کیلئے بھی تعاون کریں۔ مسٹر چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ عہدیداروں ‘ انجینئرس اور کنٹراکٹرس کے مابین موثر تعاون ہونا چاہئے ۔ چیف منسٹر نے مقررہ وقت میں کام مکمل کرنے پر ترغیبی انعامات کا اعلان کیا اور کہا کہ 15 فیصد تک مراعات دی جائیں گی ۔ اس جائزہ اجلاس میں وزیر توانائی جگدیش ریڈی ‘ چیف سکریٹری ڈاکٹر رجیو شرما اور متعلقہ محکمہ جات کے دوسرے سینئر عہدیدار بھی شریک تھے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ گاووں میں کھدوائی کا کام ضمانت روزگار اسکیم کے تحت انجام دیا جانا چاہئے اور مقامی آئی ٹی آئی کے افراد کو ان کاموں کی تکمیل کیلئے ذمہ داری سونپی جانی چاہئے ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ مشن بھاگیرتا کے کاموں کی تکمیل کیلئے جہاں ضروری ہو عملہ کا تقرر بھی عمل میں لائیں ۔ تمام کام بروقت تکمیل تک پہونچانے ہر ممکن کوششیں کی جانی چاہئیں۔