امریکہ اور کناڈا سے بین الاقوامی ماہرین کو لانے پر توجہ ، بی نندا سنڈیلیا سی ای او کا بیان
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : مشن اسمارٹ رائیڈ (MSR) کی جانب سے ہندوستان میں طبی خدمات اور علاج و معالجہ سے متعلق بحران کو دور کرنے کے لیے امریکہ اور کناڈا سے بین الاقوامی ماہرین کو لانے کے لیے کام کیا جارہا ہے ۔ گورکھپور میں حال میں پیش آئے المیہ کے باعث پورے ملک بلکہ ساری دنیا میں ایک کھلبلی سی مچ گئی اور نہایت افسوس کا اظہار کیا گیا جس میں گذشتہ ایک ہفتہ میں گورکھپور میں کم از کم 78 بچوں کی موت ہوگئی ۔ رپورٹس کے مطابق آکسیجن کی قلت کے باعث یہ اموات ہوئی ہیں تاہم گورکھپور سانحہ کے بارے میں حکومت پر پھر سے کئی سوال اٹھے ہیں ۔ بہر حال اس سے ہندوستان کے صحت عامہ نظام کی ناکامی ثابت ہوتی ہے ۔ تاہم اس سلسلہ میں مشن اسمارٹ رائیڈ (MSR) ، جو ہندوستان میں صحت کے شعبہ کے بحران کو دور کرنے کے لیے امریکہ اور کناڈا سے انٹرنیشنل ماہرین کی خدمات سے استفادہ کرنے کے لیے کام کرنے والا ایک گلوبل فاونڈیشن ہے ، ملک میں طبی نگہداشت کے بحران کو دور کرنے کوشاں ہے ، مشن اسمارٹ رائیڈ کے فاونڈر اور سی ای او بی نندا سنڈیلیا نے ایک جامع پلان کے ساتھ گورنمنٹ ہاسپٹلس کا جائزہ لینے کی تیاری کی ہے اور ان دواخانوں میں ایک سلیوشن فریم ورک پر عمل درآمد کے خواہاں ہیں ۔ ہیلت ڈپارٹمنٹ کے ڈیٹا سے یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ ہندوستان میں پیدا ہونے والے 1000 بچوں میں 40 بچے ایک سال کی عمر کو پہنچنے سے قبل فوت ہوجاتے ہیں ۔ ہندوستان میں 5 سال سے کم عمر کے بچوں کی موت کی شرح 50 ہے ۔ مسٹر نندا نے اس بات پر زور دیا کہ ہر دواخانہ معیاری ہو اور اس میں معیار کو برقرار رکھا جائے اور روزانہ اور ماہانہ اساس پر اس کا جائزہ لیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ اب ہندوستان میں ایک ہیلت کیر پالیسی پر عمل درآمد کیا جائے اور صحت کے شعبہ میں ضروری تبدیلی لانے کے سلسلہ میں ضروری اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ کئی این آر آئز پروفیشنلس اس سلسلہ میں مدد کرنے کے لیے آمادہ ہیں اور اس کے لیے حکومت کی پالیسی اور اس پر عمل درآمد کے لیے درکار بجٹ ضروری ہے ۔۔