کولکتہ ۔ 23 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) رانا گھاٹ مشنری اسکول میں چند یوم قبل ایک معمر راہبہ کی اجتماعی عصمت ریزی کا واقعہ پیش آیا ۔ اسکول کے چوکیدار سے آج سی آئی ڈی عہدیداروں نے اس کی تضاد بیانی پر پوچھ تاچھ کی ہے ۔ سی آئی ڈی ہیڈکوارٹر میں چوکیدار جینتا سے سینئر سی آئی ڈی عہدیداروں نے مختلف سوالات کئے۔ جینتا نے قبل ازیں یہ دعویٰ کہا تھا کہ ڈاکوؤں نے اسکول میں داخلے کے وقت اس کے ہاتھ باندھ دیئے تھے لیکن بعد میں وہ اپنے دعویٰ سے مکر گیا جس کے بعد پھر ایک بار اس سے پوچھ تاچھ کی گئی ۔ سی آئی ڈی کے ایک سینئر عہدیدار نے اپنا مخفی رکھنے کی شرط پر یہ اطلاع دی اور بتایا کہ کہ واچ مین کو آج صبح 10 بجے سی آئی ڈی ہیڈکوارٹر بھوانی بھون لایا گیا اور وقفہ وقفہ سے پوچھ تاچھ کی گئی ۔