مشرق وسطیٰ کی جدوجہد میں ایران کی شمولیت کے بغیر خاتمہ کا امکان نہیں

تہران ۔ 11 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) صدرایران نے آج کہاکہ دنیا کو گڑبڑ زدہ مشرق وسطیٰ میں استحکام پیدا کرنے میں مدد کیلئے ایران کی ضرورت ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ایران کے متنازعہ نیوکلیئر پروگرام کی وسیع تر منظوری کیلئے ایک معاہدہ ضروری ہے۔ صدر ایران حسن روحانی کی تقریر کو اسلامی جمہوریہ ایران کی 36 ویں سالگرہ کے موقع پر ٹی وی راست دکھایا گیا جس میں انہوں نے یہ تبصرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ ایرانی اور امریکی عہدیدار کہہ چکے ہیں کہ مشرق وسطی انتشار کی وجہ یس مفلوج ہے لیکن سودے بازی جاری ہے۔ تجزیہ نگاروں نے کہا کہ دونوں حکومتیں تسلیم کرتی ہیں کہ ایک معاہدہ ضروری ہے جس کا وسیع تر اثر مرتب ہوسکتا ہے۔ شاہ ایران کے زوال کے چند ماہ بعد امریکی سفارتخانہ پر اسلام پسند طلبہ نے حملہ کردیا تھا اور امریکی سفارتکاروں کو یرغمال بنا لیا تھا۔ اس کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوگئی تھی اور سفارتی تعلقات ختم ہوگئے تھے۔ یرغمال بنانے کا بحران 444 دن جاری رہا تھا۔ نئے صدر ایران حسن روحانی کے دور میں امریکہ سے تعلقات بہتر ہوئے ہیں۔