نیویارک ، 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل اور لبنان کی سرحد پر تقریباً ایک عشرے میں گزشتہ روز پیش آئی بد ترین جھڑپوں کے بعد اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے طرفین سے زیادہ سے زیادہ تحمل کے مظاہرے کی اپیل کی ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے نیویارک میں ایک ہنگامی اجلاس میں چہارشنبہ کو جنوبی لبنان میں ان جھڑپوں میں اقوام متحدہ کے ایک اسپینی فوجی کی ہلاکت کی سخت مذمت کی۔ گزشتہ روز لبنان کی تنظیم حزب اللہ کی طرف سے اسرائیلی فوجی قافلے پر حملے کے نتیجے میں دو اسرائیلی فوجی بھی ہلاک ہو گئے تھے۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق اس حملے میں دیگر سات فوجی زخمی بھی ہوئے۔ بعدازاں اسرائیلی فوج کی جانب سے لبنان کی سرحد کے پار کم از کم پچاس گولے داغے گئے۔ لبنانی عسکری تنظیم نے اس حملے کو 18 جنوری کے اسرائیلی حملے کا بدلہ قرار دیا تھا۔