تل ابیب ، یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن مذاکرات میں در آنے والے تعطل کو دور کرانے کیلئے امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری اسرائیل پہنچ گئے ہیں۔ امریکی محکمۂ خارجہ کے مطابق پیر کو تل ابیب پہنچنے کے فوراً بعد کیری نے اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کی۔ کیری کل رات مغربی کنارے کے ٹاؤن رملہ کا سفر کرتے ہوئے فلسطینی اتھاریٹی کے صدر محمود عباس سے بھی ملاقات کرنے والے تھے لیکن بتایا جاتا ہے کہ نتین یاہو کے ساتھ طویل مذاکرات کے سبب انھوں نے رملہ کے سفر کا منصوبہ ترک کردیا ۔ ایک ہفتے کے دوران یہ دوسرا موقع ہے جب کیری کو اپنے دوروں کے پروگرام میں رد و بدل کرکے مشرقِ وسطیٰ آنا پڑا ہے جہاں اسرائیل
اور فلسطین کے درمیان امن مذاکرات کا سلسلہ قیدیوں کی رہائی کے تنازعہ پر تعطل کا شکار ہوگیا ہے۔ اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو نے معاہدہ کے مطابق مزید فلسطینی قیدیوں کی رہائی سے انکار کردیا ہے جس کے باعث فلسطینی رہنما برہم ہیں۔ ان قیدیوں کو فلسطین اور اسرائیل کے درمیان گزشتہ سال طے پائے معاہدہ کے تحت رہا کیا جانا ہے جس کے نتیجے میں فریقین کے درمیان نو ماہ سے امن مذاکرات جاری ہیں۔ فلسطینی قیدیوں کی اسرائیل سے رہائی کے بدلے فلسطینی حکام نے اسرائیل کے خلاف اقوامِ متحدہ سمیت کسی بھی عالمی فورم میں کوئی قدم نہ اٹھانے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ تاہم اب اسرائیلی قائدین نے موقف اختیار کیا ہے کہ مزید قیدیوں کی رہائی سے قبل امن معاہدہ کے خد و خال پر اتفاقِ رائے کیلئے مقرر کی جانے والی مہلت کو آگے بڑھایا جائے جو آئندہ ماہ ختم ہورہی ہے۔ اسرائیلی حکومت کا کہنا ہے کہ اگر ان قیدیوں کو رہا کردیا گیا تو فلسطینیوں کو مذاکرات جاری رکھنے پر مجبور کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
اسرائیل کے اس نئے مطالبے پر فلسطینی حکام نے دھمکی دی ہے کہ اگر فلسطینی قیدیوں کو معاہدہ کے مطابق رہا نہ کیا گیا تو وہ امن مذاکرات کا بائیکاٹ کردیں گے۔ معاہدے کے مطابق جن قیدیوں کی رہائی متوقع ہے ان میں 1993ء میں طے پائے ’اوسلو امن معاہدہ‘ سے قبل گرفتار کئے جانے والے اسرائیلی عرب باشندے بھی شامل ہیں۔ پیر کو تل ابیب پہنچنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ تنازعہ کے دو مملکتی حل کی جانب بڑھنے کیلئے بعض ’’فیصلے‘‘ کرلئے جائیں۔ انھوں نے اس کی وضاحت نہیں کی کہ وہ فریقین کو کیا فیصلے کرنے کا مشورہ دینے والے ہیں۔
سنگاپور فساد کیس میں ہندوستانی شہری کو جیل
سنگاپور، یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام)ایک ہندوستانی شہری 31 سالہ کرشنن سروانن کو آج سنگاپور کے 40 سال کے بدترین فساد میں ملوث ہونے پر 18 ہفتے کیلئے جیل بھیج دیا گیا ۔ اس کیس کے سلسلے میں سزاء پانے والا یہ چھٹا شخص ہے ۔ گزشتہ سال 8 ڈسمبر کو ایک بس حادثہ میں ہندوستانی شہری کی موت کے بعد ہندوستانیوں کے علاقہ میں فساد پھوٹ پڑا تھا ۔