سلویانسک 29 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) یوکرین کے ایک لیڈر نے بتایا کہ مشرقی یوکرین میں باغیوں نے سرکاری فوج کے ایک ہیلی کاپٹر کو مار گرایا ہے جس کے نتیجہ میں ایک جنرل کے بشمول 14 سپاہی ہلاک ہوگئے ہیں۔ مشرقی شہر سلویانسک میں گھمسان کی لڑائی باغیوں اور فوج کے مابین چل رہی ہے جس کے دوران اس ہیلی کاپٹکر کو مار گرایا گیا ہے ۔ یوکرین کے کارگذار صدر اولیسانڈر ٹرچینوف نے پارلیمنٹ کے اجلاس میں بتایا کہ باغیوں نے ایک پورٹیبل ائر ڈیفنس میزائیل کا استعمال کرتے ہوئے ہیلی کاپٹر کو مار گرایا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جنرل ولودمیر کلچیٹسکی مہلوکین میں شامل ہیں ۔ اس کارروائی میں جملہ 14 سپاہی مارے گئے ہیں۔ سلویانسک موافق روس تخریب کاروں اور سرکاری افواج کے مابین لڑائی کا مرکز بن گیا ہے ۔ یہاں حالیہ ہفتوں میں گھمسان کی لڑائی شروع ہوئی ہے ۔
یہ شہر روسی سرحد سے 160 کیلومیٹر کے فاصلے پر واقف ہے اور یہاں مسلسل جھڑپیں ہو تی رہی ہیں۔ رہائشی علاقوں میں مسلسل شلباری اور مورٹار فائرنگ سرکاری فوج کی جانب سے کی جاتی رہی ہے ۔ اس کارروائی کے نتیجہ میں کچھ شہری اموات ہوئی ہیں اور کچھ شہری یہاں سے فرار بھی ہوچکے ہیں۔ ایک مقامی صحافی نے بتایا کہ اس نے ایک ہیلی کاپٹر کو سیاہ دھویں کے ساتھ گرتے ہوئے دیکھا ہے اور پھر وہ حادثہ کا شکار ہوگیا ۔ اس نے بتایا کہ سلویانسک میں اس کارروائی کے مقام کے قریب فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں اور یوکرینی ائر فورس کا ایک طیارہ وہاں گشت لگاتے ہوئے بھی دیکھا گیا ہے ۔ ابھی اس مقام کا دورہ کرنا ممکن نہیں بتایا گیا ہے ۔ اس شہر کی آبادی ایک لاکھ 20 ہزار نفوس پر مشتمل ہے اور یہ مشرقی یوکرین کا ایک وسیع علاقہ سمجھا جاتا ہے ۔ مشرقی یوکرین نے یوکرین سے علیحدگی کا اعلان کردیا ہے ۔ یوکرین کی حکومت نے مشرقی علاقوں میں تخریب کاروں کی کارروائیوں پر تنقید کی ہے اور یہاں اس نے موافق روس کارکنوں کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ
اس سارے علاقہ میں اپنی کارروائیوں کے ذریعہ ملک کو تباہ کر رہے ہیں۔ یوکرین کا الزام ہے کہ روس تخیرب کاروں کی مدد کر رہا ہے ۔ روس نے اس الزام کی تردید کی ہے اور اس کا ادعا ہے کہ باغیوں پر اس کا کوئی اثر نہیں ہے ۔ باغیوں کا کہنا ہے کہ وہ صرف مشرقی علاقوں میں روسی زبان بولنے والے عوام کا تحفظ کر رہے ہیں۔ حالیہ وقتوں میں باغیوں کی صفوں میں روس سے تعلق رکھنے والے لڑاکے بشمول چیچنیا کے کچھ افراد بھی دیکھے گئے ہیں۔ آج بھی ایک تخریب کار لیڈر نے توثیق کی کہ ان کے لڑاکے چار لاپتہ مبصرین کو یرغمال بنائے ہوئے ہیں جن کا سکیوریٹی و تعاون برائے یوروپ نامی تنظیم سے تعلق ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ان چاروں کو جلدی ہی رہا کردیا جائیگا ۔ سلویانسک کے خود معلنہ عوامی مئیر ویشلاف پونوماریوف نے بتایا کہ ان چاروں کا تعلق ترکی ‘ سوئیٹزرلینڈ ‘ ایسٹونیا اور ڈنمارک سے تعلق ہے اور وہ محفوظ ہیں ۔ ان تمام کو جلد ہی رہا بھی کرنے پر غور کیا جا رہا ہے ۔