واشنگٹن ۔21 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) وائٹ ہاؤس نے روسی صدر ولادیمیر پوٹن کی اُس تجویز کو مسترد کر دیا ہے، جس میں مشرقی یوکرین کے تنازعہ کے حل کیلئے ریفرنڈم کو تجویز کیا گیا تھا۔ روس کے امریکہ میں متعین سفیر اناطولی انتونوف نے کہا ہے کہ ہیلسنکی میں دونوں صدور کی ملاقات میں مشرقی یوکرین میں ریفرنڈم کے انعقاد کی تجویز پر گفتگو کی گئی تھی۔ امریکی صدر کی نیشنل سکیورٹی کونسل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان طے شدہ سمجھوتے میں مشرقی یوکرین کے تنازعہ کے حل کے حوالے سے ریفرنڈم کے انعقاد کی کوئی شق موجود نہیں ہے۔
مصری صدر کا دورۂ سوڈان مکمل
خرطوم۔21 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے اپنا سوڈان کا دو روزہ دورہ مکمل کر لیا ہے۔ اس دورے کے دوران السیسی نے سوڈانی صدر عمر البشیر سے ملاقات میں دوطرفہ امور پر تفصیل کے ساتھ بات چیت کی۔ دونوں ملکوں کے لیڈروں نے اپنے اختلافات کو ختم کرنے کے علاوہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔ اپنے دورے کے پہلے دن دونوں صدور نے خرطوم میں ایک پریس کانفرنس میں بھی شرکت کی۔ اسی پریس کانفرنس میں صدر عمر البشیر نے کہا کہ مصر اور سوڈان نے عدم اتفاق کی وجہ سے کئی سال ضائع کر دیئے ہیں۔