کیئف18 جون (سیاست ڈاٹ کام) مشرقی یوکرین میں حکومتی دستوں اور باغیوں کے مابین جاری لڑائی میں دو روسی صحافی ہلاک ہو گئے ہیں۔ کیئف کے عہدیداروں نے بتایا کہ دونوں صحافی لوہانسک میں ایک دستی بم حملے کی زد میں آ کر جاں بحق ہوئے۔ ان دونوں کا تعلق روس کے سرکاری ٹیلی وڑن چینل سے تھا۔ یوکرین کی وزارت خارجہ نے ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے یوکرین کے اپنے ہم منصب پیٹرو پوروشینکو سے ٹیلیفون کے ذریعے بات کرتے ہوئے اس واقعے کی وضاحت کا مطالبہ کیا ہے۔ کریملن کے مطابق دونوں صدور نے مشرقی یوکرین میں ممکنہ فائر بندی کے موضوع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔