مشرقی یوکرین میں جھڑپیں، 8 افراد ہلاک

ماکیوکا۔ یکم؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ کم از کم 6 شہری اور 2 فوجی اُس وقت ہلاک ہوگئے جب کہ مشرقی یوکرین میں کل دن بھر ہولناک جھڑپ جاری رہی۔ مقامی گورنر کے ترجمان جیناڈی موسقال نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 3 شہری ہلاک ہوگئے جب کہ ایک شدید زخمی ہوگیا جب کہ ان کے گھروں پر شلباری کی گئی۔ دو سرکاری قصبوں میں جو سرحدی علاقہ میں واقع ہیں، زبردست جھڑپ جاری ہے۔ باغیوں کے راکٹ حملہ سے 2 فوجی بھی ہلاک ہوئے۔ فوج کے ایک ترجمان نے کہا کہ 3 شہری ہلاک اور 19 زخمی ہوچکے ہیں۔ باغیوں کے زیر قبضہ شہر ماکیوکا میں تین عمارتوں پر مارٹر فائرنگ کی گئی۔ موقع واردات پر موجود ایک خاتون نے کہا کہ اس کی دادی ہلاک اور دادا زخمی ہوگئے۔ اطلاعات کے بموجب ہلاکتوں کی تازہ تعداد 5,100 ہوچکی ہے۔ گزشتہ اپریل میں جھڑپوں کا آغاز ہوا تھا۔ یہ اُس تاریخ سے اب تک کی جملہ تعداد ہے۔