کیف۔ 11؍مئی (سیاست ڈاٹ کام)۔ مشرقی یوکرین کے دو علاقوں میں خود مختار حکومت کے لئے ریفرنڈم کرائے جارہے ہیں۔ یوکرین میں روس نواز علیحدگی پسند ملک کے دو مشرقی علاقوں میں خود مختار حکومت کے لئے استصواب رائے عامہ یا ریفرنڈم کر رہے ہیں۔ علیحدگی پسندوں کے اس عمل کی کیف اور مغربی دنیا میں مذمت جاری ہے۔ لوہانسک اور دونیتسک کے خود ساختہ رہنما روسی صدر ولادی میر پوتن کی جانب سے ریفرنڈم مؤخر کیے جانے کی درخواست کے باوجود اس کا انعقاد کررہے ہیں۔ روسی صدر پوتن نے بات چیت کے لیے سازگار ماحول تیار کرنے کے لیے ریفرنڈم ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔ دوسری جانب یوکرین کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ ریفرنڈم کے نتائج کو تسلیم نہیں کریں گے اور علاقے میں ’انسداد دہشت گردی‘ کا آپریشن جاری رہے گا۔ یوکرین کا کہنا ہے کہ ووٹنگ علاقے کے لئے ’خود ساختہ تباہی‘ ثابت ہوسکتی ہے۔