یروشلم ۔ 21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی نوآبادیات پر نظر رکھنے والے ایک نگران کار ادارہ ’’پیس ناؤ ‘‘ نے کہا کہ اسرائیلی حکومت نے مشرقی یروشلم میں یہودیوں کیلئے مزید 381 گھروں کی تعمیر کے منصوبہ کو منظوری دی ہے۔ ’’پیس ناؤ‘‘ کے ترجمان لیارآمی ہائی نے کہا کہ ’’اسرائیلی شہری انتظامیہ جو وزارت دفاع کے تحت کام کرتا ہے، گیواٹ زیو علاقہ میں مزید 381 گھروں کی تعمیر کے منصوبہ کا اعلان کیا ہے‘‘۔ آمی ہائی نے کہا کہ ’’فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے آخری مرحلے کے بعد تیسری مرتبہ اس علاقہ میں نئے گھروں کی تعمیر کے منصوبہ کو حکومت نے منظوری دی ہے۔ اسرائیل نے 6 جنوری کو مغربی کنارہ میں 272 نئے گھروں کی تعمیر کے منصوبہ کو قطعیت دی تھی ،بعدازاں 10 جنوری کو مغربی کنارہ اور مشرقی یروشلم میں مزید 1,800 نئے گھروں کی تعمیر کے منصوبہ کا اعلان کیا۔ امریکی مصالحت کے تحت 31 ڈسمبر کو اسرائیل کی جانب سے 26 فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے بعد یہ اعلان کیا گیا۔