ھنوئی ۔ 26 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج ویتنام کے دارالحکومت میں جنوب مشرق اور مشرقی ایشیاء میں واقع 15 ہندوستانی سفارتخانوں کے سربراہان کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی اور بی جے پی کی زیر قیادت نئی حکومت کی خارجہ پالیسی اور اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور ہدایت کی کہ اب مشرق کی سمت صرف دیکھنا ہی نہیں چاہئے بلکہ پالیسی پر عملی اقدامات کرنا چاہئے۔ اجلاس میں بالخصوص حکمت عملی کے اعتبار سے اہم علاقہ میں سلامتی کے ڈھانچے کے علاوہ چین کی موجودگی اور ہندوستان کی ترقی جیسے موضوعات پر بھی تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اس علاقہ کے تئیں امریکی انداز فکر اور جنوبی چین کے سمندر جیسے حساس مسئلہ پر بھی گفت و شنید کی گئی۔
سشما سوراج نے مئی میں وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ہندوستانی سفارتخانوں کے سربراہان کے دوسرے اجلاس کی صدارت کی ہیں۔ قبل ازیں انہوں نے نئی دہلی میں مشرق وسطی کے مختلف ممالک میں واقع ہندوستانی سفارت خانوں کے سربراہان کے ایک ایسے ہی اجلاس سے خطاب کیا تھا۔ جنوب مشرقی اور مشرقی ایشیائی علاقہ میں ہندوستانی نژاد افراد کے مسائل کے علاوہ ان علاقوں کو ہندوستان سے جوڑنے اور تجارتی ترقی کے مسئلہ پر یہ بات چیت کی گئی ۔ وزارت امور خارجہ کے ترجمان سید اکبرالدین نے کہا کہ ’’اس اجلاس نے وزیر خارجہ کو ہندوستانی سفارتخانوں کی سرگرمیوں کے بارے میں اہم بنیادی معلومات فراہم کئے ہیں۔ علاوہ ازیں علاقہ میں مستقبل کے مواقع اور چیلنجرس پر بھی غور کیا گیا‘‘۔