مشرقی افغانستان میں خودکش بم اندازی میں دو افراد ہلاک

جلال آباد ۔ 25 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) حکام کے مطابق مشرقی افغانستان کے شہر جلال آباد میں واقع الیکشن کمیشن آفس کے باہر خودکش حملہ آور نے اپنے آپ کو بم سے اُڑالیا جس کے نتیجہ میں دو افراد ہلاک ہوگئے ۔ یہ تازہ واقعہ جنگ زدہ ملک کے ننگرہار صوبہ کی اس عمارت میں ہوا جہاں پر افراد کا ایک گروپ اپنے امیدواروں کو نااہل قرار دینے پر احتجاج کیلئے جمع ہوا تھا ۔ جو آنے والے اکتوبر انتخابات کیلئے اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کیا تھا۔ صوبائی گورنر کے ترجمان عطاء اﷲ قوگیانی کے مطابق اس واقعہ میں دو افراد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے ۔ ایک عینی شاہد کے مطابق خودکش بمبار نے اس وقت اپنے آپ کو خیمہ کے قریب دھماکہ سے اُڑالیا جس میں احتجاجی افراد جمع تھے ۔

چین کی ایک ہوٹل میں آتشزدگی کے باعث 19 افراد ہلاک
بیجنگ ۔ 25 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) شمال مشرقی چین کے صوبہ ہیلانگ جیانگ میں واقع ہاٹ اسپرنگ لیژر ہوٹل جو ضلع سونگ بی کے مقام پر صبح کے 4:36 بجے آگ بھڑک اُٹھی اور تقریباً 7:50 بجے آگ پر قابو پالیا گیا ۔ اس آتشزدگی کے نتیجہ میں تقریباً 19 افراد ہلاک اور 19 دوسرے زخمی ہوگئے ۔ گلوبل ٹائمز کے مطابق راحت بچاؤ اقدامات کے ضمن میں اس علاقہ کی دو مرتبہ صفائی کی گئی اور زخمی افراد کو قریبی اسپتال میں شریک کردیا گیا ۔ آگ لگنے کی وجوہات کا ابھی تک علم نہیں ہے ۔