اسلام آباد ، 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس میں پراسکیوٹر اکرم شیخ نے الزام لگایا ہے کہ مخالف وکیل نے اُن کی آنکھیں نکال لینے اور زبان کھینچنے کی دھمکی دی ہے ۔ پراسکیوٹر کی تقرری کے خلاف مشرف کے وکلا کے اعتراض پر اپنے دفاع میں اکرم نے خود دلائل دیئے۔ انھوں نے کہاکہ ایف آئی اے ہیڈکوارٹر نے پراسکیوٹر کی تقرری کیلئے وزارت قانون کو خط لکھا، جس میں چار نام بھجوائے گئے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ذاتی طور پر وہ نہ نواز شریف کے وفادار ہیں نہ مشرف کے دشمن۔ اکرم نے کہا کہ پراسکیوٹر کی تقرری کے نوٹیفکیشن میں کوئی آئینی یا قانونی خامی نہیں۔ انھوں نے مشرف کے وکلا پرالزام لگایا کہ اختر شاہ نے انھیں زبان کھینچ کر اور آنکھیں نکال کر ٹکڑے ٹکڑے کردینے کی دھمکی دی ہے۔ اکرم نے کہاکہ ججز کو ان کے تعصب سے متعلق شبہ ہو تو انھیں کیس سے الگ کردیا جائے۔ وہ پیشہ ورانہ تجربے کی بناء ہنوز کہتے ہیں کہ یہ آٹھ دس دن کا کیس ہے۔