مشرف کی رہائش کے قریب سے چار بم برآمد

اسلام آباد ، 30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق صدر پرویز مشرف کے فارم ہاؤس کے قریب سے ایک ہفتے میں دوسری بار بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے دیسی ساختہ بارود کے چاروں پیکٹ ناکارہ بنا دیئے۔ پولیس کے مطابق چک شہزاد میں سابق صدر کے فارم ہاؤس کے نزدیک تھانہ بنی گالہ کی حدود میں پارک روڈ پر راہ گیر نے سڑک پر مشکوک بیگ کی اطلاع دی تھی۔ پولیس حکام اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بیگ کی تلاشی لی تو اس میں سے دیسی ساختہ بارود کے چار پیکٹ برآمد ہوئے۔ ہر پیکٹ کا وزن تقریباً چار سو گرام تھا جبکہ ایک پیکٹ میں بارود کے ساتھ ڈیٹونیٹر اور تاریں بھی لگی ہوئی تھیں۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بارود ناکارہ بنا دیا۔ بنی گالہ پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔ سابق صدر مشرف کے گھر کے نزدیک سے ایک ہفتے کے دوران دوسری مرتبہ اس طرح کا بارودی مواد ملا ہے۔