اسلام آباد ، 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کے کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے وکیل صفائی کی علالت کے باعث مشرف کی جانب سے دائر تین درخواستوں پر سماعت جمعہ تک ملتوی کر دی جبکہ عدالت نے ملزم کی پیشی کا حکم برقرار رکھا ہے اور جمعہ کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔ آج غداری مقدمہ کی سماعت جسٹس طاہرہ صفدر اور جسٹس یاور علی کے ساتھ خصوصی عدالت جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں شروع کی تو وکیل صفائی انور منصور نے عدالت کو بتایا کہ وہ سمیت غذا کی وجہ سے آج دلائل نہیں دے سکیں گے۔ لہٰذا مقدمہ کی سماعت ملتوی کردی جائے جس پر جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ ملزم کی جانب سے دائر درخواستوں پر سماعت کا زبردستی حکم نہیں دے سکتے۔ اگر وکیل صفائی کی طبیعت ناساز ہے تو مذکورہ درخواستوں کی سماعت جمعہ کو سماعت کے موقع پر کرلی جائے گی۔ اس پر انور منصور نے کہا کہ وہ جمعہ کو بھی دلائل نہیں دے سکیں گے جس پر عدالتی سربراہ نے کہا کہ ملزم کی جانب سے دائر درخواستوں پر وکلائے صفائی جب چاہیں دلائل دے سکتے ہیں انھیں مجبور نہیں کیا جائے گا۔ تاہم مقدمہ کی کارروائی جاری رہے گی اورجمعہ کو مشرف کی عدالت میں پیشی کا حکم برقرار ہے۔ بعدازاں سماعت ملتوی کردی گئی۔