اسلام آباد، 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ’’ایف آئی اے‘‘نے سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ خصوصی عدالت میں پیش کردی ہے ۔ آج منعقدہ سماعت میں تین رکنی بنچ کو اس رپورٹ کی نقول پیش کی گئیں جس میں 3 نومبر 2007ء کو ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے فیصلے میں مبینہ طور پر شریک افراد سے حاصل ہونے والی معلومات بھی شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 2007ء میں گورنر پنجاب خالد مقبول، گورنر سندھ عشرت العباد، قانونی ماہر شریف الدین پیرزادہ اور اٹارنی جنرل ملک محمد قیوم کا تذکرہ ہے جنہوں نے ایمرجنسی کے نفاذ کے فیصلے سے متعلق لاعلمی کا اظہار کیا۔
نیٹو گاڑیوں کے ٹرمینل پر حملہ
پشاور، 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے جمرود میں آج شدت پسندوں نے نیٹو گاڑیوں کے ٹرمینل پر راکٹوں سے حملہ کر دیا جس سے تین گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور جوابی کارروائی میں ایک شدت پسند ہلاک ہوا۔ سکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر عسکریت پسندوں کیخلاف جوابی کارروائی کی جس سے ایک شدت پسند ہلاک ہو گیا۔ بعد ازاں سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔