مشترکہ وینچرس کیلئے ہند ۔ اسرائیل 4 کروڑ امریکی ڈالرس مالیتی فنڈ کا قیام

یروشلم 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور اسرائیل نے 4 کروڑ امریکی ڈالرس مالیتی ایک فنڈ قائم کرنے سے اتفاق کرلیا ہے تاکہ مشترکہ ٹیکنالوجی پر مبنی وینچرس کو مرتکز کرنے اور باہمی معاشی تعلقات کے استحکام کی مددد کے لئے یہ فنڈ استعمال کیا جاسکے۔ دونوں ممالک فی کس 2 کروڑ امریکی ڈالر 5 سال کی مدت میں اِس فنڈ کے لئے ادا کریں گے۔ اسرائیل کے وزیر معاشیات نفتالی بنیٹ نے جو گزشتہ سال ہندوستان کا دورہ کرچکی ہیں، اِس اقدام کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ اِس کا مقصد دفاعی شراکت داروں کے معاشی تعلقات کا ارتکاز اور استحکام ہے۔ یہ فنڈ انتظامیہ کے ہاتھ میں ایک ہتھیار کی طرح ہوگا جو اسرائیلی صنعت کاروں کو ہندوستانی بازار میں داخلہ کی ترغیب دے گا۔

اسراسئیل کے اعلیٰ سطحی سائنسداں اے وی ہاسن نے کہاکہ حکومت ہند کے نمائندوں کے ساتھ تبادلہ خیال کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ اعلیٰ سطحی سائنسداں کے دفتر کی اولین ترجیح اور بحیثیت مجموعی پوری حکومت کی اوّلین ترجیح اُبھرتے ہوئے بازار ہیں۔ حکومت ہند کے معتمد برائے سائنس و ٹیکنالوجی ٹی راما سوامی اِس وفد میں شامل تھے جس نے اسرائیل کا تین روزہ دورہ کیا ہے تاکہ اِس فنڈ کے قیام کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جاسکے۔یہ فنڈ تجارتی مقاصد اور معاشی تعاون میں اضافہ کے مقصد سے قائم کیا جارہا ہے۔ یہ فنڈ مشترکہ ترقیاتی ٹیکنالوجی اور مشترکہ وینچرس کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے اِس فنڈ کے قیام کے لئے پہل کی ہے لیکن اِس پر عمل آوری اسرائیل کے اعلیٰ سطحی سائنسداں اور ہندوستان کے محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے کی جائے گی۔

ہندوستانی نژاد امریکی گورنر کیلیفورنیا کے انتخابات میں امیدوار
واشنگٹن 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی نژاد امریکی نیل کیشکاری سابق سینئر ٹریژری عہدیدار اور امریکی بینک کی معمار جنھوں نے 2008 ء میں ملک کو معاشی بحران سے اُبھرنے میں مدد دی تھی، اعلان کیاکہ وہ کیلیفورنیا کے گورنر کے لئے انتخابی مقابلہ کریں گی۔ 40 سالہ کیشکاری کے والدین 1960 ء کی دہائی میں کشمیر سے ترک وطن کرکے امریکہ منتقل ہوئے تھے اور ریپبلکن پارٹی میں شامل ہوئے تھے۔