نئی دہلی 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آدھی رات کے وقت سمندر میں کی ہوئی ایک کارروائی میں پاکستان کی ایک ماہی گیر کشتی جس میں مبینہ طور پر دھماکو مادے لدے ہوئے تھے، ہندوستانی ساحلی محافظین نے گجرات کے ساحل کے قریب روک دی لیکن کشتی دھماکہ کے ساتھ پھٹ پڑی اور اپنے 4 ارکان عملہ کے ساتھ غرق ہونے سے پہلے شعلہ پوش ہوگئی۔ یہ واقعہ 31 ڈسمبر اور یکم جنوری کی درمیانی رات کو پوربندر کے ساحل سے تقریباً 365 کیلو میٹر فاصلہ پر پیش آیا۔ جس کے نتیجہ میں شدید قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں کہ یہ کشتی 2008 ء کے ممبئی دہشت گرد حملوں کا تسلسل تھی لیکن سرکاری طور پر اطلاع کی کوئی توثیق نہیں ہوسکی۔ وزارت دفاع کے بیان میں صرف اتنا کہا گیا ہے کہ کشتی کراچی کے قریب کیٹی بندر سے آرہی تھی اور اِس کا منصوبہ بحر عرب میں ’’کچھ غیر قانونی‘‘ معاملت کا تھا۔ محکمہ سراغ رسانی کی اطلاع کی بناء پر اِس کشتی کا آدھی رات کو کی ہوئی کارروائی میں راستہ روک دیا گیا۔
یہ کارروائی سرحدی محافظین کے بحری جہازوں اور طیاروں نے کی تھی۔ انسپکٹر جنرل (کارروائیاں) ساحلی محافظین کے آر نوٹیال نے کہاکہ محکمہ سراغ رسانی کی اطلاع پر مشتبہ ماہی گیر کشتی کا راستہ روک دیا گیا تھا۔ابتدائی اطلاع کے بموجب کوسٹ گارڈ کشتی نے ماہی گیر کشتی کو خبردار کرتے ہوئے رک جانے کی ہدایت کی لیکن ماہی گیر کشتی نے اپنی رفتا مزید بڑھاتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔ تقریباً ایک گھنٹے تک اس تعاقب جاری رہا بعدازاں کوسٹ گارڈ کشتی اس کو روکنے میں کامیاب ہوگئی۔ اس کشتی میں 4 افراد دیکھے گئے انہوں نے وارننگ کی کوئی پرواہ نہیں کی اور تحقیقات میں تعاون سے انکار کردیا جس کے فوری بعد ارکان عملہ نے خود کو ڈیک کمپارٹمنٹ کے پیچھے
چھپا لیا اور کشتی کو آگ لگادی، جس کے نتیجہ میں ایک زوردار دھماکہ ہوا اور مہیب آگ بھڑک اٹھی۔ تاریکی، خراب موسم اور تیز ہواؤں کے سبب مشتبہ پاکستانی بچے اور اس میں سوار افراد کو بچایا نہیں جاسکا۔ یہ کشتی خاکستر ہوکر غرقاب ہوگئی۔
کشتی کو روکنے پر ساحلی محافظین کی ستائش ، پاکستان کی مذمت: بی جے پی
نئی دہلی 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان پر ہندوستان نے دہشت گرد سرگرمیوں کی بار بار مدد کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے بی جے پی نے کہاکہ اِس سے پڑوسی ملک کی ’’مایوسی‘‘ ظاہر ہوتی ہے۔ بی جے پی نے مسلح افواج کی ستائش کی جس نے گجرات کے ساحل کے قریب 26 نومبر جیسے دہشت گرد حملہ کے اعادہ کی کوشش کو ناکام بنادیا۔ بی جے پی نے مسلح افواج کی چوکسی کی بھی ستائش کی اور کہاکہ یہ وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے افواج کو دہشت گرد سرگرمیوں سے اپنے طور پر نمٹنے اور مرکزی حکومت کی ہدایات کا انتظار نہ کرنے کے اختیارات دینے کا نتیجہ قرار دیا۔ سمندر میں آدھی رات کو کارروائی کرتے ہوئے ایک پاکستانی ماہی گیر کشتی کا ہندوستانی ساحلی محافظین نے گجرات کے ساحل کے قریب راستہ روک دیا تھا کیونکہ اِس کشتی میں مبینہ طور پر دھماکو مادے لدے ہوئے تھے۔ یہ کشتی اپنے 4 ارکان عملہ کے ساتھ دھماکہ اور شعلہ پوش ہوجانے کے بعد غرق ہوگئی۔ بی جے پی کے قومی سکریٹری سریکانت شرما نے کہاکہ یہ مایوس پاکستان کی جانب سے ہندوستان میں دہشت گرد سرگرمیوں کی مدد کرنے کا ایک اور ثبوت ہے۔ پاکستان مسلسل دہشت گردی کی مدد کررہا اور اِسے دنیا بھر میں برآمد کررہا ہے۔
مرکزی وزیر برائے پارلیمانی اُمور ایم وینکیا نائیڈو نے کہاکہ یہ پاکستان کی مستقل عادت بن گئی ہے کہ وہ دہشت گردوں کو مالیہ فراہم کرتا اور اُن کی مدد کرتا ہے۔ بی جے پی کے ترجمان جی وی ایل نرسمہا راؤ نے کہاکہ ساحلی محافظین امکانی دہشت گرد کارروائی کو ناکام بنانے کے لئے مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ہندوستان نے پاکستان کی طرف ایک بار پھر دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہے جس کے ردعمل میں ہندوستانی سرزمین پر دہشت گردی برآمد کرنے کے ذریعہ پاکستان نے اِس کا جواب دیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ محکمہ سراغ رسانی کی فراہم کردہ اطلاع کی بنیاد پر آدھی رات کو پوربندر کے ساحل سے 365 کیلو میٹر کے فاصلہ پر 31 ڈسمبر اور یکم جنوری کی درمیانی رات میں کارروائی کی گئی جس کے لئے ساحلی محافظین مبارکباد کے مستحق ہیں۔