مشتبہ دہشت گردوں سے خبردار رہیں

مکان کرایہ پر دینے میں احتیاط کا مشورہ ، نوجوانوں کی مہم
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : پرانا شہر کے نوجوانوں کے ایک گروپ نے آئی ایس آئی ایس اور مشتبہ دہشت گردوں کے خلاف مہم شروع کی ہے ۔ مختلف مساجد میں پوسٹرس لگائے گئے ہیں ۔ جس میں عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے مکانات کرایہ پر دینے سے پہلے کرایہ داروں کا پس منظر معلوم کریں تاکہ کسی مشتبہ دہشت گرد کو پرانا شہر میں پناہ لینے کا موقع نہ مل سکے ۔ اڑوس پڑوس میں کوئی مشکوک افراد دیکھے جائیں تو اس کی پولیس کو اطلاع دیں ۔ مسلم نوجوانوں کی تنظیم ملت فرنٹ کی پہل نے بیانرس تیار کیے ہیں جن میں شہریوں کو خطرات سے بچاؤ کی ہدایات دی گئی ہیں ۔ اردو بیانرس میں تاکید کی گئی ہے کہ کرایہ داروں کا پس منظر معلوم کرنے کے بعد مکان کرایہ پر دیں اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی دہشت گرد آپ کی بستی میں موجود نہ ہو ۔ کسی کی کوئی مشتبہ سرگرمی نظر آئے تو اس کی اطلاع پولیس کو دیں ۔ اپنے شہر اور ملک کو محفوظ مقام بنائیں ۔ تنظیم کے کارکنوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس پہل کی تائید کریں گے اور یہ مہم کی شکل اختیار کرے گی ۔۔