مشتبہ آئی ایس آئی ایجنٹ 6 یوم کیلئے پولیس تحویل میں

میرٹھ ۔ 2 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام): مشتبہ آئی ایس آئی ایجنٹ محمد اعجاز کو آج ضلع عدالت میں پیش کرنے پر 6 یوم کے لیے پولیس تحویل میں دیدیا گیا ۔ جسے اترپردیش پولیس کی خصوصی ٹاسک فورس نے 27 نومبر کو ہندوستانی فوج سے متعلق حساس دستاویزات کے ساتھ گرفتار کرلیا گیا تھا ۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ اوم پرکاش نے بتایا کہ چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ راجیش کمار نے محمد اعجاز عرف محمد کلام کو عدالت میں پیش کرنے پر 6 دن کے لیے پولیس تحویل میں دیدیا ۔ محمد اعجاز متوطن ترمڈی چوک ، عرفان آباد ، اسلام آباد پاکستان کو خصوصی ٹاسک فورس نے اس وقت میرٹھ کنٹونمنٹ ایریا سے گرفتار کرلیا جب وہ دہلی جارہا تھا ۔ جس کی تحویل سے ہندوستانی فوج سے متعلق دستاویزات ، پاکستانی شناخت کارڈ ، مغربی بنگال جعلی ووٹر شناختی کارڈ ، جعلی آدھار کارڈ اور دہلی میٹرو کارڈ ، لیپ ٹاپ اور پین ڈرائیو برآمد ہوئے ہیں ۔۔