کمیٹی کے ارکان کا اجلاس ، 14 ارکان کی شرکت
حیدرآباد۔ 25 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کے صدرنشین کی حیثیت سے مسیح اللہ خان کا متفقہ طور پر انتخاب عمل میں آیا۔ تلنگانہ حج کمیٹی کے ارکان کا اجلاس آج حج ہائوز نامپلی میں منعقد ہوا۔ کمیٹی کے نامزد 16 ارکان میں 14 نے شرکت کی۔ رکن قانون ساز کونسل فاروق حسین نے صدرنشین کے عہدہ کے لیے مسیح اللہ خان کا نام پیش کیا۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم جو بااعتبار عہدہ کمیٹی کے رکن ہیں، مسیح اللہ خان کے نام کی تائید کی۔ اس کے بعد اجلاس میں شریک تمام ارکان نے تائید کی اس طرح متفقہ طور پر مسیح اللہ خان کو تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کا صدرنشین منتخب کرلیا گیا۔ ایگزیکٹیو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے اجلاس کے کنوینر کی حیثیت سے کارروائی چلائی جبکہ انتخابی عمل کی تکمیل الیکشن آفیسر منان فاروقی نے کی۔ 20 جنوری کو حج کمیٹی کی تشکیل کے بعد یہ پہلا اجلاس تھا۔ ارکان مقننہ عامر شکیل اور محمد فرید الدین مصروفیات کے سبب اجلاس میں شریک نہ ہوسکے۔ جن ارکان نے شرکت کی ان میں خواجہ سراج الدین، محمد عبدالشفیع، عارف احمد، عبدالقادر، حافظ محمد لئیق خان، ڈاکٹر عقیل ہاشمی، محمد امجد علی، محمد امتیاز خان، محمد عارف الدین اور شمیم آغا شامل ہیں۔ صدرنشین کے انتخاب کے بعد پروفیسر ایس اے شکور نے حج کمیٹی کی سرگرمیوں سے واقف کرایا۔ حج 2018ء کے انتظامات کے سلسلہ میں تفصیلات پیش کی گئیں۔ انہوں نے صدرنشین اور ارکان کے اختیارات اور کمیٹی کی کارکردگی سے ارکان کو آگاہ کیا اور کہا کہ حج ایکٹ 2002ء کے تحت کمیٹی کا اجلاس سال میں دو مرتبہ منعقد ہوگا۔ ضرورت پڑنے پر درمیان میں اجلاس طلب کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے ارکان کو اجلاس میں شرکت کے لیے دیئے جانے والے اعزازیہ کی تفصیلات پیش کیں۔ حج کمیٹی کی جانب سے نئے صدرنشین کی گلپوشی اور شال پیش کی گئی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسیح اللہ خان نے چیف منسٹر کے سی آر اور ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود میں تلنگانہ ریاست ملک میں سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہاکہ عازمین حج کے انتظامات میں گزشتہ تین سالوں کی طرف جاریہ سال بھی تلنگانہ حج کمیٹی نمبر ون رہے گی۔ انہوں نے تمام ارکان سے بھی تائید پر اظہار تشکر کیا۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے مسیح اللہ خان کے انتخاب پر چیف منسٹر کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کمیٹی میں شامل کیے گئے ارکان کو بھی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کمیٹی کو حاجیوں کی خدمت کا موقع حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی اور وقف بورڈ کے عہدیدار ٹیم ورک کے ساتھ عازمین حج کی خدمت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2001ء میں حج کمیٹی کے نائب صدرنشین کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ بعد میں حج ایکٹ کے تحت نائب صدرنشین کے عہدے کو ختم کردیا گیا۔ اس موقع پر کمیٹی کے ارکان، مسیح اللہ خان کے حامیوں اور ٹی آر ایس قائدین نے نو منتخبہ صدرنشین کی شال پوشی اور گلپوشی کی۔