نئی دہلی ۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر اروند کجریوال نے آج کہا کہ جن لوک پال بل کا مسودہ ایک یا دو یوم میں تیار ہوجائے گا۔ انہوں نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ’’میں چیف سکریٹری سے بات کرچکا ہوں اور کل یا پرسوں تک لوک پال بل کا مسودہ تیار ہوجائے گا‘‘۔
اب لالو بھی ٹوئیٹر پر
پٹنہ ۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سیاسی قائدین جیسے نریندر مودی اور دیگر کی جانب سے سوشل میڈیا کو کامیابی سے استعمال کرنے کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے صدر آر جے ڈی لالو پرساد نے بھی ٹوئیٹر اکاونٹ کھول لیا ہے۔ انہوں نے ٹوئیٹر پر اپنے پہلے پیام میں کہا ’’صرف تبدیلی ہی مستقل ہے۔ تبدیلی کے ساتھ ہم تبدیل ہوتے ہیں، بالآخر ٹوئیٹر پر آگیا ہوں‘‘۔
کانگریس، بی جے پی سے
مفاہمت خارج از بحث : مایاوتی
لکھنؤ ۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی نے آج یہاں ایک بڑی ریالی میں اپنی پارٹی کی انتخابی مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں تنہا مقابلہ کریں گی۔ کانگریس، بی جے پی یا کسی دوسری جماعت سے مفاہمت نہیں کی جائے گی۔ مایاوتی نے اپنی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ ساؤدھان وشال مہا ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’بی ایس پی لوک سبھا انتخابات میں ملک بھر میں تنہا مقابلہ کرے گی‘‘۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی پارٹی اترپردیش یا قومی سطح پر کسی بھی جماعت سے کوئی مفاہمت نہیں کرے گی۔ مایاوتی نے گجرات فسادات کیلئے چیف منسٹر نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔